پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز کا ریٹرن ٹکٹ 63 ہزار روپے کردیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 جون 2019 13:26

پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2019ء) : پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز کا ریٹرن ٹکٹ 63 ہزار روپے کردیا گیا۔کراچی سے لاہور جانے والے مسافروں سے بھی یکطرفہ کرایہ 31 ہزار سے زائد وصول کیا جارہا ہے۔کراچی سے اسلام آباد جانے والے مسافروں یکطرفہ کرایہ 31 ہزار 540 روپے وصول کیا جارہا ہے۔

رواں سال اپریل میں ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا قومی ائیر لائنز پی آئی اے سمیت بعض نجی فضائی کمپنیوں نے پاکستان میں طیاروں کی تعداد میں کمی کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرایوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ جس کے باعث شہریوں کے لئے فضائی سفر کرنا محال ہو کر رہ گیا جبکہ سول ایوی ایشن نے مقامی سطح پر مسافروں کو فضائی کمپنیوں کے سپرد کرتے ہوئے خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

فضائی کرایوں میں اضافے کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ قومی ائیر لائنز پی آئی اے کا تین ہفتے قبل فضائی کرایہ 14 ہزار سے 20 ہزار روپے تک تھا جس کو بڑھا کر 30 سے 35 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ اس طرح نجی فضائی کمپنی ائیر بلیو جو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ملکیت ہے نے لاہور اور کراچی کے درمیان کرائے کی شرح میں اضافے کر کے 26 ہزار روپے اور دیگر کمپنیوں نے بھی مذکورہ دونوں شہروں کے درمیان کرایہ اسی تناسب سے مقرر کر دیا۔

جب کہ دوسری جانب طیاروں کی کمی اور ناقص حکمت عملی سے فضائی آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔گذشتہ ماہ پی آئی اے سمیت نجی ائیر لائنز کی اندورن و بیرون ملک جانے والی 26پروازیں منسوخ کی گئی۔لاہور سے کوالالمپور ،اسلام آباد،رحیم یار خان،کراچی بینکاک کی 9پروازیں منسوخ کی گئیں۔پشاور سے دوبئی جانے والی دو پروازیں جب کہ کراچی کی ایک پرواز منسوخ کی گئی تھی۔