محکمہ تعلیم سندھ نے یکم جولائی سے اسکول کھولنے کی ہدایت کر دی

یکم جولائی سے ہر صورت تعلیمی ادارے کھُل جائیں گے۔ محکمہ تعلیم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 جون 2019 13:30

محکمہ تعلیم سندھ نے یکم جولائی سے اسکول کھولنے کی ہدایت کر دی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2019ء) : محکمہ تعلیم سندھ نے یکم جولائی سے تعلیمی ادارے کھولنے کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے ہر صورت تعلیمی ادارے کُھل جائیں گے۔ موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کی خبروں میں کوئی تصدیق نہیں ہے۔ یاد رہے کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تھا۔

اس حوالے سے 24 اپریل 2019ء کو وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں موسم گرما کی تعطیلات یکم مئی سے 30 جون تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکول و کالجز کے اوقات کار صبح ساڑھے آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک ہوں گے جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکول و کالجز کے اُساتذہ سہ پہر تین بجے تک رُکنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ برس سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک ہوئی تھیں۔ سندھ میں شدید گرمی کے باعث محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی سفارش کی تھی۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات جلد کرنے کے لیے سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھجوائی گئی۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سمری میں موسم گرما کی تعطیلات 14 مئی سے 15 جولائی تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

قبل ازیں سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں ہر سال یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوتی تھیں لیکن 2017ء میں بھی شدید گرمی کے باعث قبل از وقت چھٹیاں دے دی گئی تھیں۔ تاہم اب گرمی کی شدت میں دن بدن ہوتے اضافے کے باوجود محکمہ تعلیم سندھ نے یکم جولائی سے تعلیمی ادارے کھولنے کی ہدایت کر دی ہے۔