ملک دو سال کے اندر تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہوسکتا ہے

خیبر پختونخواہ تیل کی دولت سے مالا مال ہے ،سابق سی ای او کے پی او جی سی ایل رضی الدین رضی

جمعرات 20 جون 2019 21:31

ملک دو سال کے اندر تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہوسکتا ہے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2019ء) تیل اور گیس کے شعبے کے ماہر خیبر پختونخوا آئیل اینڈ گیس کمپنی کے سابق سی ای او ڈاکٹر رضی الدین رضی نے کہا ہے کہ اگر خلوص ِ دل سے محنت کی جائے تو ملک دو سال کے اندر تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہوسکتا ہے ۔ وفاقی اور صوبائی کمپنیز کے ایم ڈیز کو ایک ہدف دے کر اُسے ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت دی جائے تو ہمیں زیادہ مقدار میں تیل درآمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اگر او جی ڈی سی ایل دو برس میں چار سو کنوئوں پر کام کرے تو ہم تیل اور گیس کی پیداوار میں مکمل خود کفیل ہوسکتے ہیں ۔ ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ تیل کی دولت سے مالا مال ہے ۔ اس وقت صوبے میں 2.2ارب بیرل خام تیل پایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ 46ٹریلین مکعب فٹ گیس موجود ہے ۔ باثر مفاد پرست افراد درآمدی تیل پر انحصار ختم کرنے میں رکاوٹیں جبکہ غیر ملکی کمپنیز سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں ۔

ڈاکٹر رضی الدین رضی نے کہا کہ موجودہ معاشی مشکلات اور بحران سے نمٹنے اور قومی معیشت کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لئے وزیر اعظم پاکستان پہلی فرصت میں ماہرین کی ایک قومی کانفرنس منعقد کریں اور اُنہیں خصوصی ہدایات جاری کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ2014میں جب میں نے کے پی او جی سی ایل کی ذمہ داری سنبھالی تھی تو تیل کی پیداوار 29000بیرلز اور گیس کی 300مکعب فٹ یومیہ تھی ۔

تاہم 2017میں تیل کی پیداوار بڑھ کر 54000بیرلز ہوگئی ۔ گیس کی یومیہ پیداوار 443مکعب فٹ ہوگئی ۔ کویت پیٹرولیم جیسی دنیا کی بڑی کمپنی سرمایہ کاری کر رہی ہے اور مزید کمپنیاں بھی سرمایہ کار ی کے لئے تیار ہیں ۔ لیکن آئل ایمپورٹ مافیا تیل کی خود کفالت کے راستے میں بہت بڑی روکاوٹ ہے ۔ کرپٹ بیوروکریٹس ملک کو تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے ۔

بیرون ملک سے آنے والے وفود اور کمپنیاں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہوتے ہیں تو اُنہیں بتایا جاتا ہے کہ یہاں تیل اور گیس نہیں ہے ۔ ڈاکٹر رضی الدین رضی جو کہ او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان میں انٹر نیشنل پاور اینڈ انرجی کے مشیر پیسکو بورڈ کے ڈائریکٹر انرجی ونگ پلاننگ کمیشن کے سربراہ سعودی عرب کے رائل کمیشن کے تکنیکی مشیر اور چیف اکانومسٹ رہ چکے ہیں ۔