امریکہ ،ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے باز رہے: ولادیمیر پیوٹن

ایران کے خلاف امریکی کارروائی کے خطے پر انتہائی تباہ کن نتائج مرتب ہوں گے، طاقت کے استعمال سے توازن بگڑ جائے گا اور ہول ناک نتائج سامنے آئیں گے: روسی صدر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 20 جون 2019 22:44

امریکہ ،ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے باز رہے: ولادیمیر پیوٹن
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تاز ترین۔20جون2019ء) روس نے امریکا کو وارننگ دی ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔ تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کے معاملے پر خبردار کیا ہے۔ ماسکو سے جاری ہونے والے بیان میں روسی صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائی کے خطے پر انتہائی تباہ کن نتائج مرتب ہوں گے۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف اقدامات سے خطے میں امن کا توازن بگڑ جائے گا اوراس کے ہولناک نتائج سامنے آئیں گے۔ واضح رہے کہ ڈرون مار گرائے جانے کے بعد امریکا نے ایران کیخلاف جوابی کاروائی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈر ٹرمپنے محکمہ دفاع پینٹاگون میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے اور امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابقایران کو اگلے چند گھنٹوں میں جواب دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق امریکا نے اپنے ایک عسکری ڈرون کو ایران کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈرون آبنائے ہرمز کے اوپر بین الاقوامی فضائی حدود میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایرانی میزائل کا نشانہ بن کر تباہ ہو ا ہے۔ اس واقعے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے اور بات جنگ کے آغاز تک جا پہنچی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ڈرون مار گرائے جانے کے واقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید ردعمل دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ ڈرون گرا کر ایران نے سنگین غلطی کی ہے، اسے اپنے اس اقدام کی قیمت چکانا ہوگی۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈرون مار گرائے جانے کے بعد امریکا نے ایران کیخلاف جوابی کاروائی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ایرانی پاسداران کے کمانڈر نے واضح کیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں۔