Live Updates

وزیراعظم کابینہ کے اہم ممبر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے ان کے آبائی گھر گئے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

جمعہ 21 جون 2019 18:16

وزیراعظم کابینہ کے اہم ممبر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کابینہ کے اہم ممبر کے انتقال کے بعد ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے ان کے آبائی گھر گئے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے، وزیراعظم کو بروقت نوٹس جاری ہونے سے حیرانگی ہوئی۔ جمعہ کو پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ کنول شوذب کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کو نوٹس جاری کیا گیا اور باقی تعزیت کرنے والے ایم پی ایز کو کیوں نہیں دیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے کوئی اعلان یا سیاسی بات بھی نہیں کی، میری شکایات کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت سلیکٹ ہو کر آئی ہے، ان لوگوں کو کبھی اتنے ووٹ نہیں ملے، صوبہ میں ڈسٹرکٹ لیول پر افسران کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج میں پانی کی وافر مقدار موجود ہے، اس کے باوجود سندھ میں پانی کی شدید قلت ہے جبکہ سندھ کے واٹر مینجمنٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، سندھ کے ساتھ کراچی میں بھی پانی کی کمی ہے، اس ناانصافی کے باعث کسان عدالت تک جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میری 10 سال سے دی ہوئی شکایات کا الیکشن کمیشن نے جواب نہیں دیا، سندھ میں شفاف انتخابات کبھی نہیں ہو سکتے۔ اس موقع پر کنول شوذب نے کہا کہ سب اپوزیشن پروڈکشن آرڈرز کیلئے شور کرتے ہیں، جیسے ہی پروڈکشن آرڈرز جاری ہوتے ہیں تو خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، ان کو عوام کے مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں، فرانس کا پانی اور دوسرے ممالک کا آرام چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعزیت کرنے پر نوٹس جاری کرنا غلط ہے، اپوزیشن صرف پروڈکشن آرڈرز کیلئے ایوان میں آتی ہے، سندھ کو اپوزیشن نظر انداز کر رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات