Live Updates

پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے جو تباہی کی حامی نہیں ہے بلکہ ملک اور سسٹم بنانے کی بات کرتی ہے، خورشید احمد شاہ

ہفتہ 22 جون 2019 15:00

پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے جو تباہی کی حامی نہیں ہے بلکہ ملک اور سسٹم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) پیپلز پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی سیدخورشید احمد شاہ نے کہا کہ جب یہ حکومت آئی تب ہی ان کومعیشت کی بہتری کیلئے مل بیٹھنے کی آفر کی تھی ،سیاست ملکی سالمیت کیلئے ہوتی ہے ،حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنا آنے جانے کی چیزیں ہیں۔ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے میثاق معیشت کی بات کی تو حکومتی وزراء نے کہا یہ این آر او مانگ رہے ہیں ،عمران خان سیاسی جماعتوں سے خود رابطے کریں، سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پر ہم نے نرم رویہ اپنایا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ حکومت کہ رہی ہے یہ این آراو مانگ رہے ہیں۔

،اپوزیشن بجٹ کی مکمل مخالفت کر رہی ہے۔خورشید شاہ نے کہاکہ بجٹ اجلاس کی منظوری کے وقت اپوزیشن کا غیر حاضر ہونا حکومت کو فری ہینڈ دینے والی بات ہوگی ،بجٹ پر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی ذات کے مخالف نہیں ہیں، ان کے طریقہ کار سے اختلاف ہے،، سیاستدان کسی سے ڈیل نہیں کرتے ہم نے فوجی جرنیل سے این آر او کیا تاکہ سسٹم کو چلنے دیا جائے ،پارلیمنٹ میں سب کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کی اجازت ہونی چاہئے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ یہ جس طرح بھی پارلیمنٹ میں آئے ہم نے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی حمایت کی اس کے طعنے آج بھی مولانا فضل الرحمان،اسفند یار ولی،آفتاب خان شیر پائو ہمیں دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے جو تباہی کی حامی نہیں ہے بلکہ ملک اور سسٹم بنانے کی بات کرتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات