جے یو آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن آخری مرحلے میں داخل ہو گئے، مرکزی ناظم انتخابات جے یو آئی

ہفتہ 22 جون 2019 22:48

سکھر۔22جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) جے یو ائی کے مرکزی ناظم انتخابات صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جے یو آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن آخری مرحلہ میں داخل ہوچکے ہیں چاروں صوبوں کے بعد جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل کا ایک اہم انتخابی اجلاس سکھر میں 7 جولائی کو طلب کیا گیاہے جس میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن ، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت ملک بھر سے 7 سو منتخب اراکین آئندہ پانچ سال کے لئے مرکزی امیر اور جنرل سیکریٹری کا انتخاب کرینگے۔

سکھر میں جے یو آئی کے مقامی اطلاعات سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ بیان کے مطابق علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ سے ان کی نگرانی میں جاری ملک بھر میں جے یو آئی کی نئی رکنیت سازی اور انٹرا پارٹی الیکشن کا سلسلہ اب آخری مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے، یونٹوں، تحصیلوں اور اضلاع کے الیکشن مکمل ہونے کے بعد اب صوبائی انتخابات کا مرحلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

سندھ و پنجاب کے بعد اس مہینے میں کے پی کے اور بلوچستان کے انتخابات ہونگے، جبکہ آخری اورمرکزی انتخاب اجلاس 7 جولائی کو سکھر میں طلب کیا گیا ہے، مرکزی ناظم انتخابات علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ انقلابی بنیادوں پر جے یو آئی کی تنظیم سازی کی گئی ہے اور ڈھائی لاکھ سے زائد یونٹوں کا قیام مکمل کیا گیا ہے، جن میں مدارس کے طلبہ کو شامل نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی جے یو آئی میں بڑھی ہوئی دلچسپی کی وجہ سے اس بار دگنی رکنیت سازی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت کے حکم پر اسلام آباد میں 50 لاکھ لوگ لاک ڈا?ن کے لئے تیار ہیں، ہر یونٹ سے کم از کم دو گاڑیاں نکالی جائینگی، کارکن اپنے کھانے پینے کا انتظام خود کرینگے۔