سپیکر قو می اسمبلی اسد قیصر سے جمہوریہ چیک کے پار لیمانی وفد کی ملاقات

پیر 24 جون 2019 20:15

سپیکر قو می اسمبلی اسد قیصر سے جمہوریہ چیک کے پار لیمانی وفد کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) سپیکر قو می اسمبلی اسد قیصر سے جمہوریہ چیک کے پار لیمانی وفد نے چیک۔پاکستان فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین پاول ڈینیئل کی سربراہی میں پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ چیک کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور عوامی اور پار لیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر انہیں مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریہ چیک کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وفد کو پاکستان میں حکومتی اصلاحات اور سی پیک کی بدولت پیدا ہونے والے اقتصادی مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ جمہوریہ چیک کے سر مایہ کاروں کو باہمی مفادات کیلئے ان مواقع میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے توانائی انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں جمہوریہ چیک کے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پراگ اور اسلام آباد میں موجود سفارتی مشن اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد سماجی اور معاشی شعبوں کی ترقی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے فرینڈشپ گروپس کے اراکین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز دی جو باہمی مشوروں سے دونوں ممالک میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے تجاویز مرتب کریں۔

چیئرمین چیک۔پاکستان فرینڈ شپ گروپ پاول ڈینیئل نے پاکستان میں ان کے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ان تعلقات کو پارلیمانی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وفد انٹرپرنر اور سر مایہ کاروں پر مشتمل ہے۔

چیک جمہوریہ کا وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران چیمبر آف کامرس اور تجارتی نمائندوں سے اسلام آباد اور لاہور میں ملاقاتیں کریں گا اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرے گا۔ پاول ڈینیئل نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حکومت کی طر ف سے اٹھائے گے اقدامات سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی صورت حال میں بہتری آئے گی۔

انہوںنے اس سلسلے میں اپنی حکومت کی طر ف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے بتایا کہ اپنے اعلیٰ معیار او ر کم اخراجات کی وجہ سے دنیا بھر سے طلبا جمہوریہ چیک کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنا پسند کرتے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے امکانات کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں جمہوریہ چیک کے علاوہ قومی اسمبلی میں پاک۔چیک ری پبلک فرینڈشپ گروپ کی کنوینئر عالیہ حمزہ ملک رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس، سیکرٹری قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے دیگر اعلیٰ افسران اور پاکستان میں چیک ری پبلک سفارتخانہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفد اپنے قیام کے دوران پاکستان میں اپنے ہم منصوبوں سے تبادلہ خیال کے علاوہ چیئرمین سینٹ، وزیر خارجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ٹیکسٹائل اور صنعت سے ملاقاتیں کرے گا۔