سرگودہا، منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک اور ریلی

بدھ 26 جون 2019 17:27

سرگودہا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز نے کہا ہے کہ منشیات معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ۔ یہ لعنت عادی افراد ہی نہیں بلکہ خاندانوںکو تباہ کر دیتی ہے ۔ نسل نو کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے سول سوسائٹی اور ذمہ دار شہریوں کو اپنا بھر پو رکردار ادا کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

واک کے دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر ایکسائز رانا آفتاب ، اسسٹنٹ ایکسائز آفیسر راؤ افتخار، ایکسائز آفیسر سخاوت علی خرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ رانا ریاض، این جی اوز، انجمن تاجران اور سماجی حلقوں کے نمائندے بھی شریک تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کابڑھتا ہوا ا ستعمال معاشرے کے لئے خطرہ ہے ، منشیات کی لعنت ایک ناسور کی طرح معاشرے میں سرائیت کررہی ہے اور نوجوان نسل نشے کے عادی بن رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے لئے نشہ کے طریقے کار اور نشہ آور اشیاء میں جدت پیدا کر کے انہیں بہکا رہے ہیں ۔انہوںنے ڈسٹرکٹ وتحصیل انسداد منشیات کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے منشیات کے اڈے ختم کرنے اور منشیات فروشوں کے سرغنہ کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ضلعی حکومت نے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں منشیات کے عادی افراد کیلئے خصوصی وارڈ قائم کر رکھا ہے جہاں سے اب تک 600 کے قریب مریض صحت یاب ہو کر معمول کی زندگی گزار رہے ہیں ۔قبل ازیں ریجنل ایکسائز آفس سے آزادی چوک تک ریلی نکالی گئی ۔ریلی کے شرکاء نے منشیات کے معاشرے پر اثرات کے حوالہ سے بینرز اورکتبے اٹھارکھے تھے ۔