میں خود چئیرمین سینیٹ بنوں گا ۔ آصف زرداری کا صحافی کے سوال پر جواب

اے پی سی میں جو فیصلے ہوئے ان پر عملدرآمد ہو گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 جون 2019 14:32

میں خود چئیرمین سینیٹ بنوں گا ۔ آصف زرداری کا صحافی کے سوال پر جواب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2019ء) : سابق صدر آصف علی زرداری نے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں خود چئیرمین سینیٹ بنوں گا۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاﺅس میں ایک صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ سنا ہے کہ اے پی سی میں چئیرمین سینیٹ کو ہٹانے پر اتفاق ہوگیا ہے؟ جس پر آصف زرداری نے کہا کہ اگر چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ ہوگیا ہے تو بسم اللہ ! اے پی سی کے فیصلوں پر عمل کریں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ نیا چیئر مین سینیٹ کون ہوگا؟ کیا رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنائیں گے؟ جس پر آصف علی زرداری نے مُسکراتے ہوئے جوا ب دیا کہ میں خود چیئرمین سینیٹ بنوں گا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش پر منعقدہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ آج نیب پیشی کے موقع پر سابق صدر سے صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب چھپکلی سے کون سا وزیراعظم ڈرتا ہے؟جس پر سابق صدر نے جواب دیا کہ آپ کا موجودہ وزیراعظم ڈرتا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم کو ایک دن کے لیے تھانے میں بند کرو اور ایک چھپکلی چھوڑ دو پھر دیکھو کیسے ٹھیک ہوتا ہے۔ دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بدھ کو آصف علی زرداری کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں کیسماعت جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے کی۔ نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری بھی آصف علی زرداری سے ملنے کے لئے عدالت پہنچ گئے۔ آصف علی زرداری نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ استغاثہ کا الزام ہے کہ میں نے کمپنی بنائی، دعویٰ کیا گیا کہ میں نے پارک لین خریدی، کوئی دستاویزات نہیں کہ بطور ڈائریکٹر میں نے دستخط کئے ہوں، میرا پارک لین اور توشہ خانہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مجھ پر بی ایم ڈبلیو والا کیس بھی بنایا گیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مشکلات آتی رہتی ہیں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، یہ سب گیم کا حصہ ہے، میں کیس واپس لینا چاہتا ہوں۔ جسٹس عامر فاروق نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ان درخواستوں پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں یا نہیں۔ سردار مظفر عباسی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کیسز میں ابھی تک وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں واپس لے لیں۔