قومی ادارہ صحت نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز کی تصدیق کردی

بدھ 3 جولائی 2019 14:45

قومی ادارہ صحت نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز کی تصدیق کردی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2019ء) قومی ادارہ صحت نے صوبہ خیبر پختونخوا کے دواضلاع میںپولیو کے 5نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جن میں سے تین کیس ضلع بنوںاوردو کیس ضلع تورغر سے سامنے آیا ہے۔ نئے کیسزکے بعد رواں سال کے دوران خیبر پختو نخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 31 جبکہ ملک بھر میں37 ہوگئی ہے۔ قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بھجوائے گئے نمونوںکے لیبارٹری ٹسٹ کے مطابق خیبر پختو نخوا میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے والے بچوں میں چار بچے جبکہ ایک بچی شامل ہیں۔

بنوں کے علاقہ بریام خیل یونین کونسل سردی خیل، الاخیل یونین کونسل لیوان اورسین تنگی یونین کونسل نصری خیل جبکہ تورغر کے علاقہ گیتو پیزا یونین کونسل ہرنیل سے پولیو کیس سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

بنوں میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے والے ایک بچے کی عمر2ماہ دوسرے بچے کی عمر 8 ماہ اور تیسرے بچے کی 27ماہ ہے جبکہ تورغر میں46ماہ کی بچی اور 16ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کے ریکارڈ سے معلوم ہواہے کہ پانچوں بچوں میں سے کسی کوبھی معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات نہیں دیئے گئے تھے۔ نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب میںای او سی کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر)کامران احمد آفریدی نے کہا کہ جب تک ہم تمام بچوں تک پولیوویکسین کی رسائی حاصل نہیں کرلیتے تب تک پولیو کیسز سامنے آتے رہیںگے۔

اس لئے تمام والدین سے التماس کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں تاکہ پولیووائرس کاخاتمہ ممکن ہوسکے۔ واضح رہے کہ بنوں اور تورغر کے ان بچوں میں پولیو وائرس کے آثار سامنے آئے جس پران کے فضلہ کے نمونے تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں سے موصول ہونے والی تفصیلی رپورٹ میں قومی ادارہ صحت نے بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی جس سے 2019ء کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد31ہوگئی ہے۔