شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر قائم بنکرز کو مسمار کر دیا گیا

جاتی امرا کے باہر بنکرز سکیورٹی مقاصد کے لیے قائم کیے گئے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 4 جولائی 2019 10:43

شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر قائم  بنکرز کو مسمار کر دیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جولائی 2019ء) : شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا کے باہر سکیورٹی کے لیے قائم کیے جانے والے بنکرز کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنکرز مسمار کرنے کے احکامات کچھ روز پہلے دئیے گئے تھے جنہیں آج ختم کر دیا گیا ہے۔ بنکرز مسمار کرنے کے احکامات کچھ روز پہلے دئیے گئے تھے جنہیں اب ختم کر دیا گیا ہے۔

جاتی اُمرا کے باہر بنکرز سیکورٹی مقاصد کے لیے قائم کیے گئے تھے۔ یاد رہے کہ شریف برادران کے دور اقتدار میں ان بنکرز میں بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات ہوتے تھے جنہیں پہلے ہی واپس بلایا جا چکا ہے۔ گذشتہ برس ستمبر میں پنجاب پولیس نے رائے ونڈ روڈ پر جاتی امرا کو دی جانے والی سکیورٹی واپس لے لی تھی۔ پنجاب پولیس نے جاتی امرا کی سکیورٹی واپس لیتے ہوئے شریف خاندان کی رہائش گاہ پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کو واپس بُلا لیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جاتی امرا کی سکیورٹی پر 4 اے ایس آئی اور 43 اہلکاروں پر مشتمل سکیورٹی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد تعینات کی گئی تھی جسے واپس بُلا لیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس ہی مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے گھر کے باہر قائم تمام رکاوٹوں اور تجاوزات  کو فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا تھا ۔

لاہور ہائیکورٹ نے اے سی ماڈل ٹاؤن اور لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو لیگی رہنما حمزہ شہباز کے گھر کے باہر تجاوزات ہٹانے کا حکم  دیا تھا۔ جس کے بعد حمزہ شہباز کے گھر کے باہر سے بھی تجاوزات اور تمام تر رکاوٹیں ہٹا دی گئی تھیں تاہم اب جاتی امرا کے باہر بھی قائم کیے جانے والے سکیورٹی بنکرز کو مسمار کر دیا گیا ہے۔