(ن) لیگ اپنی سیاست بچانے کیلئے اداروں کو بھی متنازعہ بنانے سے گریز نہیں کر رہی : ہمایوں اختر خان

ٌاحتساب عدالت کے جج کی وضاحت کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا،فرانزک آڈٹ بھی ہوگا

اتوار 7 جولائی 2019 19:21

~لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماہمایوںاختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ،احتساب عدالت کے جج کی وضاحت کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا اور یقینا اس کا فرانزک آڈٹ بھی ہوگا ،جج صاحب نے شریف خاندان کے خلاف مقدمات کے دوران انکے نمائندوں کی جانب سے رشوت کی پیشکش اور تعاون نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی جو بات کی ہے (ن) لیگ اس کا جواب دے،ماضی میںعوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ،نئے بلدیاتی نظام کے تحت اداروں کے قیام کے بعد عوام کے بنیادی مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے این اے 131 سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اہل علاقہ نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا جنہیں حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ماضی میں عدالتوں پر کن لوگوںنے حملے کئے اور کن کی ٹیپس منظر عام پر آئیںقوم اس سے بخوبی آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے جو مبینہ آڈیو ،ویڈیو جاری کی ہے اس کے فرانزک آڈٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا بلکہ احتساب عدالت کے جج صاحب کے بیان سے حقیقت آشکار ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کیلئے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سابقہ دور میں عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی اناء کی تسکین کے منصوبے مکمل کئے گئے اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ انشا اللہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت اداروںکے قیام کے بعد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے مسائل حل کرانے کیلئے کوششوں پر ہمایوں اختر خان کاشکریہ بھی ادا کیا۔