خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی لاہور کے 246متاثرین میں مالکانہ حقوق کے لیٹر تقسیم

جمعہ 12 جولائی 2019 22:35

لاہور۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) قومی احتساب بیورو )نیب)، لاہور میں خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین میںمالکانہ حقوق کے لیٹرز تقسیم کرنے کی تیسری تقریب کا انعقاد کیا گیا‘ جس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی نیب چوہدری خلیق الزمان اورڈائریکٹر انویسٹی گیشن احترام ڈار نے بطور مہمان ِخصوصی شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق نیب لاہور میں خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کے بلاک ایل، ایم اور این کے 246مکانات کے مالکانہ حقوق کے لیٹرز تقسیم کرنے کی تیسری تقریب کا اہتمام کیا گیا اس سے پہلے رواں سال مئی 2019میں مذکورہ سوسائٹی کی1700متاثرین کو ساڑھے 7ارب جبکہ گذشتہ سال اکتوبرمیں سینکڑوں متاثرین میں ساڑھی4ارب مالیت پر مشتمل مالکانہ حقوق کے لیٹر تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انویسٹی گیشن احترام ڈار کا کہنا تھا کہ نیب لاہور کے افسران کی کاوشوں سے ہی سینکڑوں متاثرین مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ڈی جی نیب لاہور کی واضح ہدایات ہیں کہ ہائوسنگ سیکٹر کے ملزمان کو سزائیں دلوانے سے زیادہ فوقیت ان سے لوٹی گئی رقوم کی وصولی اورمتاثرین کو انکا حق جلد از جلد واپس دلوانے پر دی جائے‘ نیب کا آگاہی و تدارک ونگ جرم ہونے سے قبل اسے روکنے کیلئے سرگرم ِ عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب ہر سوسائٹی کے باہر اسکی مکمل معلومات پر مشتمل نقشہ اور سوسائٹی میں فراہم کردہ سہولیات واضح کروانے کیلئے بھی اقدامات کر رہا ہے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹبلٹی چوہدری خلیق الزماں نے کہا کہ عوام اپنی کوتاہی کے باعث غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں قیمتی سرمایہ جھونک دیتے ہیں اور اپنا نقصان کربیٹھتے ہیں‘ ہائوسنگ سیکٹر میں عوام کو ہونیوالے نقصان کے اصل ذمہ دار ریگولیٹرز ہیں جنکی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں پر مکمل نظر رکھیں اور انکے خلاف خاطر خواہ اقدامات بھی کریں۔

انہوں نے خیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی کے مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ضمانت پر رہا ہیں عوام کو وعدہ کے مطابق پلاٹ و مکانات فوری طور پر حوالے نہ کرنیکی صورت میں قانون کا شکنجہ آپ کے گرد تنگ ہوتا جائے گا۔متاثرین کی جانب سے چیئر مین نیب و ڈی جی نیب لاہور کے ہائوسنگ سیکٹر میں اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار تشکر کیا گیا اور نیب لاہور کی جانب سے انتہائی قلیل مدت میں خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔