اوستہ محمد شہر کو ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،بشیر احمد سداھیو

بلوچستان حکومت و محکمہ بلدیات بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ، ایڈمنسٹریٹر

منگل 16 جولائی 2019 19:44

اوستہ محمد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) اوستہ محمد شہر کو ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا بلوچستان حکومت و محکمہ بلدیات بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے شہر کی خوبصورتی بہال کرنے کیلئے 5کروڑ سے زائد ترقیاتی اسکیمات کا ٹینڈر ہو چکے ہیں۔

شہرکے محلہ کوچوں میں صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کیلئے چھوٹی جدید گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی اوستہ محمد کے ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد سداھیو نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوستہ محمد شہر کی آبادی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔اسٹاف کی کمی اور وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن مالی بحران کے باوجود اوستہ محمد شہر کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے حکومت بلوچستان و محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام کی کاوشوں سے 5کروڑ سے زائد خطیر رقم سے ترقیاتی اسکیمات کیلئے ٹینڈر کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر جلد ترقیاتی عمل شروع کر دیا جائے گا جبکہ مقامی قبرستان کی چار دیواری تعمیر کرنے کیلئے ڈیڈھ کروڑ کی گرانٹ منظور ہو چکی ہے۔بشیر احمد سداھیو نے مذید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، صوبائی وزیر بلدیات اور سابق وزیرعلیٰ بلوچستان ایم پی اے میر جان محمد خان جمالی کی کاوشوں سے میونسپل کمیٹی جلد اپ گریڈ ہو کر میونسپل کارپوریشن کا درجہ حاصل کریگی جس سے عوام کو مذید بہتر سہولیات میسر ہو گی۔

ایک سوال پر بشیر احمد سداھیو نے کہا کہ اسٹاف کی کمی اور وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود خود کفالت شعوری کے تحت عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی بہال کرنے کیلئے شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ،ٹف ٹائل سمیت پی سی سی گلیوں کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدمات کیئے گئے ہیں۔ترقیاتی اسکیمات کی تکمیل سے عوام مستفید ہونگے۔