پشاور،پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم جاری،12سمگلر گرفتار

منگل 16 جولائی 2019 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) پشاورپولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے نتیجے میں حساس اداروں کے تعاون سے خصوصی کارروائیوں کے دوران ملکی اورغیر ملکی سطح پر آئس اورمنشیات کی سمگلنگ میں ملوث 12 بین الاقوامی سمگلروں کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے گرفتار سمگلرز کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس چرس اوردیگر منشیات بھی برآمد کرلی ہیں ،گرفتار ہونیوالے زیادہ ترڈیلروں کی گرفتاری حساس اداروں کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی ہے جوکہ عرصہ دراز سے بیرون ممالک منشیات سپلائی کرنے کے دھندے میں ملوث تھے ،گرفتار ملزمان کے اثاثہ جات کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والے افرد اور ان کے کاروباری شراکت داروں کے بارے میں بھی چھان بین شروع کر دی گئی ہے، تمام گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی تفصیلات کے مطابق پشاورپولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران گزشتہ روز ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سمگلنگ میں ملوث 12 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، کارروائی کے دوران پشاورپولیس کو حساس اداروں کا تعاون بھی حاصل رہا جس کے دوران پولیس نے جدید سائنٹیفک طریقہ کار کے زریعے بین الاقوامی سمگلنگ میں ملوث منشیات ڈیلروں کی تفصیلات حاصل کیں ،مشہور اور عرصہ دراز سے منشیات سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی نشاندہی ہونے کے بعد پشاورپولیس نے شہراورنواحی علاقہ جات میں مختلف مقامات پر چھاپے مارتے ہوئے منشیات کے بین الاقوامی سمگلروں حبیب الرحمان ، محمد علی ،زاہد اقبال، عالمزیب خان، اشتیاق احمد ،نصرت شاہ ، رشید خان ،طاہرخان ،عادل محمود، عدنان ،موسی خان اورعمران کو گرفتار کرلیا، گرفتار کیے جانیوالے سمگلرزعرصہ دراز سے ملکی اوربین الاقوامی سطح پر آئس اوردیگر منشیات کی تیاری اوران کی فروخت کے گھناونے کاروبار میں ملوث تھے جن کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس چرس اورمختلف قسم کی منشیات بھی برآمد کرلی گئیں ہیں گرفتار ہونے والے منشیات ڈیلروں کے اثاثہ جات کی بھی چھان بین کے لئے اے این ایف سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہوں نے منشیات کے دھندے سے حاصل ہونے والی رقوم سے اثاثے بنائے ہیں ، پولیس کی جانب سے گرفتار منشیات سمگلرز کے ساتھ قریبی روابط اور کاروباری شراکت داروں کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے ،پشاورپولیس نے گرفتار ہونے والے تمام سمگلروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی مزید چھان بین جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :