Live Updates

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن )کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاجو آٹھ اگست کو سنایا جائیگا

بدھ 17 جولائی 2019 15:00

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن )کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن )کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاجو آٹھ اگست کو سنایا جائیگا ۔الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن )کے انٹراپارٹی انتخابات کیخلاف کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے کی ۔ دور ان سماعت مسلم لیگ (ن )کے وکیل جہانگیر جدون اور درخواستگزار کے وکیل ظفر علی شاہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔

وکیل درخواست گزار ظفر علی شاہ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )کے انٹراپارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )اور مریم نواز کے خلاف تحریک انصاف کی ایک اور درخواست بھی زیر سماعت ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم قریشی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )اور مریم نواز والے کیس میں ن لیگ جواب جمع کرا چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آپ کو اپنے دلائل سے ثابت کرنا ہو گا دونوں الگ نوعیت کے کیس ہیں۔

وکیل درخواستگزار ظفر علی شاہ نے کہاکہ ہماری درخواست مسلم لیگ ن کے مرکزی انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف ہے۔ وکیل مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ درخواستگزار دو الگ کیسوں کو ملا کر اپنے کیس کو چھپانا چاہتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے درخواستگزار شجاع الرحمن کے وکیل ظفر علی شاہ کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔وکیل درخواست گزار ظفر علی شاہ نے کہاکہ درخواستگزار مسلم لیگ ن اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ہیں،انٹراپارٹی انتخابات کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت دیا گیا۔

وکیل ظفر علی شاہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال سے انٹراپارٹی انتخابات کا ریکارڈ طلب کرے۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ ن کو نئے مرکزی انٹراپارٹی انتخابات کرانے کا حکم دے۔ وکیل مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ انٹراپارٹی انتخابات کے حوالے سے اجلاس کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ،الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن )کے مرکزی انٹراپارٹی انتخابات پر محفوظ فیصلہ 8 اگست کو سنائیگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات