میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ضلع گجرات کے سرکاری سکولوں کی شاندار کارکردگی، کامیابی کا تناسب 80.65فیصد رہا

بدھ 17 جولائی 2019 20:45

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات 2019میں ضلع گجرات کے سرکاری سکولوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بورڈ کے نتائج کے مطابق سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کی کامیابی کا تناسب 80.65فیصد رہا، گورنمنٹ ہائی سکول ٹھٹھہ موسیٰ کے ہونہار طالبعلم نے آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سر سید ہائی سکول لالہ موسیٰ کے دو طالبات ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔

چیف ایگزیکٹوا ٓفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد افضل شاہد نے بتایا کہ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے نتائج کے مطابق سالانہ امتحان میں پاس ہونیوالے امیدواروں کا تناسب 76.11فیصد ہے تاہم ضلع گجرات کے سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کی کامیابی کا تناسب 80.65 فیصد رہا ہے جو کہ نہایت حوصلہ افزاء ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ میٹرک کا امتحان دینے والے ضلع گجرات کے 310ہائی سکولو ںاورہائیر سیکنڈری سکولوں میںسے 21سکولوں کے 100فیصد طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے، 63 ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے طلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح90فیصد جبکہ 75سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کی میٹرک کے امتحان میں کامیابی کی شرح 80فیصد رہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ جن سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بہتر نتائج کا مظاہر ہ کیا ہے انکے سربراہان ادارہ جات، اساتذہ کرام کو جلد ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی/ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت خصوصی تقریب میں تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا تاہم جن سکولوں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی انکے نتائج کا جائزہ لیکر ناقص کارکردگی کا مظاہر ہ کرنیوالوں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :