خطے میں دہشت گردی کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے،سربراہ امریکی سینٹرل کمانڈ

امریکی فوج اتحادیوں سے مل کر خلیج میںآزادانہ نقل وحرکت یقینی بنانے کے لیے غور کر رہی ہے،پریس کانفرنس

جمعہ 19 جولائی 2019 13:06

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ جنرل کینتھ ماکینزی نے کہاہے کہ امریکی فوج اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر خلیج میں بحری ٹریفک کی آزادانہ نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف پہلوئوں پر غور کر رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ڈھمکی چھپی بات نہیں رہی کہ خطے میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

یمن سے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں میںبھی ایران ملوث ہے۔ قبل ازیں امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ نے سعودی عرب کے الخرج شہر کا دورہ کیا جہاں انہیں یمن میں پکڑا گیا ایرانی اسلحہ بھی دکھایا گیا۔جنرل ماکینزی نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ امریکا اپنی فوج خلیج میں تعینات کرے گا مگر خطے میں درپیش خطرات کے تدارک کے لیے تمام ممکنہ پہلوئوں پر غور کریں گے۔سعودی عرب کے دورے کے دوران امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ نے سعودی ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔قبل ازیں وہ قطر گئے جہاں انہوں نے امیر قطر تمیم بن حمد سے ملاقات کی تھی۔