Live Updates

حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، وزارت اطلاعات کے مختلف شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے، وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر طریقے سے ادا کرے

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے گفتگو

جمعہ 19 جولائی 2019 15:21

حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، وزارت اطلاعات کے مختلف شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے، وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر طریقے سے ادا کرے۔

انہوں نے یہ بات معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین، پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور وزارت اطلاعات کے دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے حکومتی ریفارم ایجنڈے کو عوام میں اجاگر کرنے کیلئے وزارت اطلاعات کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کئے۔ گذشتہ 10 ماہ میں حکومت نے سماجی، معاشی و اقتصادی اور انتظامی شعبوں میں جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں ماضی میں ان کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور اور غریب طبقوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا احساس پروگرام، پناہ گاہوں کی تعمیر، بے گھر افراد کو اپنا ذاتی گھر دلوانے کا منصوبہ و دیگر فلاحی اقدامات پاکستان کی عوام سے کئے گئے وعدے کی جانب عملی پیشرفت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام الناس کو حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کرنے اور ملک و قوم کے وسیع تر مفادات میں اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر طریقے سے ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے مختلف شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ عوام تک معلومات بہم پہنچانے اور حکومتی ریفارمز ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے عمل میں مزید بہتری لائی جاسکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات