کلبھوشن یادیو کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے شہید کیپٹن قدیر احمد کے سوشل میڈیا پر چرچے

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے کلبھوشن کیس کے فیصلے کے بعد شہید کیپٹن کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 جولائی 2019 15:52

کلبھوشن یادیو کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے شہید کیپٹن قدیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2019ء) : عالمی عدالت انصاف کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے شہید کیپٹن قدیر احمد کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ شہید کیپٹن قدیر احمد نے 2016ء میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کروایا تھا۔

پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے انٹیلی جنس ونگ کے ساتھ کام کرنے والے کیپٹن قدیر احمد نے تین سال سے زائد عرصہ بلوچستان کی سڑکوں پر بھکاری بن کر گھومتے ہوئے گزار دیا۔ اس عرصہ کے دوران شہید کیپٹن آس پاس ہونے والی سرگرمیوں اور لوگوں کی نقل و حرکت سمیت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پر بھی کڑی نظر رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

عالمی عدالت انصاف سے کلبھوشن کیس کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آنے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر شہید کیپٹن قدیر احمد کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔

کیپٹن قدیر احمد گذشتہ برس جون میں ایک انڈر کور مشن سے گھر واپسی پر ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔ شہید کیپٹن قدیر کو سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر پر خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے ایک ملک دشمن کو پکڑنے میں اہم کردار ادا کیا اور ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ ہے وہ شہزادہ جس نے کلبھوشن نیٹ ورک کو پکڑا تھا یہ 300 ایکڑ اراضی کا مالک ہم سب کی حفاظت کے لیے فقیر بن کر کوڑا اٹھاتا رہا ،اس اکیلے نے پوری را کو پاگل بنا دیا زندہ رہا تو گمنام رہا شہید ہوا تو ہر زبان پر اس کا نام ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ہم کلبھوشن یادیو کو گرفتار کروانے والے کیپٹن قدیر کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ کیپٹن قدیر کی محنت رنگ لائی اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔
عالمی عدالت سے کلبھوشن کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ایک اور صارف نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر ہمارے ہیرو کیپٹن قدیر کو نہیں بھولنا چاہئیے جن کی وجہ سے یہ سب کچھ ممکن ہوا۔

ایک صارف نے شہید کیپٹن کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیپٹن قدیر احمد نے کلبھوشن یادیو کے خلاف آپریشن کو لیڈ کیا ۔ وہ ایک ہیرو ہیں۔ کلبھوشن یادیو ہزاروں پاکستانیوں کی موت کا ذمہ دار ہے اور پوری قوم اسے پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔