کوہاٹ ،درہ آدم خیل میں پی ٹی آئی کارکنوں اور صوبائی الیکشن بائیکاٹ ریلی کے مظاہرین کے مابین خوفناک تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا

جمعہ 19 جولائی 2019 19:21

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میںپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور صوبائی الیکشن بائیکاٹ ریلی کے مظاہرین کے مابین خوفناک تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام پاکستان تحریک انصاف نے درہ آدم خیل کی حدودمیں انڈس ہائی وے پرواقع شہداء چوک کے سامنے فٹ بال گراؤنڈ میں انتخابی جلسہ کا پروگرام بنایا تھا جبکہ فاٹا گرینیڈ یوتھ الائنس نامی تنظیم سمیت دیگرمقامی افرادنے صوبائی الیکشن بائیکاٹ کے سلسلے میں احتجاجی ریلی نکالنے کی کال دی تھی۔

ذرائع کے مطابق قبائلی سب دویژن حسن خیل(پشاور) سے جلسہ میں شرکت کے لئے پی ٹی آئی کے کارکن گاڑیوں کے قافلے میں جلسہ گاہ آرہے تھے کہ فاٹا یونیورسٹی کے قریب الیکشن بائیکاٹ احتجاجی ریلی کے مظاہرین کے ساتھ آمنا سامنا ہواجس پر ایک دوسرے پر نعرے بازی کی گئی اور حالات کشیدہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس دوران بعض شرپسند عناصر نے کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑدیئے تاہم خاصہ دار فورس کی بروقت کاروائی سے خطرہ ٹل گیاتاہم دوسری بار دونوں مخالف پارٹیوں کے مابین خوفناک تصادم اٴْس وقت ہوتے ہوتے رہ گیا جب شہداء چوک کے سامنے فٹ بال گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کا جلسہ منعقد ہورہا تھا کہ اس دوران احتجاجی ریلی میں شامل درجنوں گاڑیوں نے آکر عین چوک کے سامنے نعرے بازی شروع کی جس پر پی ٹی آئی کارکنوں نے بھی جوابی نعرے کئے۔

اس دوران انڈس ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگئی تاہم موقع پر موجود خاصہ دار فورس کی بڑی تعداد اور پاک فوج کے جوانوں نے پہنچ کر حالات پر قابو پالیا اورریلی والوں کو وہاں سے روانہ کرکے قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔واضح رہے کہ چھ سب ڈویژن پر مشتمل حلقہ پی کے 115 سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر پی ٹی آئی کے اٴْمیدوار کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے جہاں بڑی تعدادمیں قبائلیوں نے الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔