ریاض ریجن میں گرد و غبار نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیئے

اکثر علاقوں میں دُکانیں بند، گرمی کی شدت میں اضافہ، سانس لینے میں دُشواری ہونے لگی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 جولائی 2019 13:01

ریاض ریجن میں گرد و غبار نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیئے
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جولائی 2019ء ) ریاض ریجن میں گزشتہ روز سے گرد و غبار کا شدید طوفان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کئی علاقوں میں گرمی کی شدت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اس گرد و غبار کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں شدید دُشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اکثر علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔ جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول کے مقابلے میں کافی کم رہی۔

حدِ نظر میں کمی واقع ہو جانے کے باعث حادثات کی روک تھام کی خاطر شاہراہوں پر پٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متاثرین کو فوری طور پر امداد فراہم کی جا سکے۔ ہائی وے پولیس کی جانب سے ڈرائیورز حضرات کو ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے وارننگ دی گئی ہے کہ وہ شاہراہوں پر بلا ضرورت سفر کرنے سے اجتناب برتیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہائی وے پر شدید گردو غبار کے طوفان کی وجہ سے حد نظر کافی حد تک محدود ہو جاتی ہے جس سے حادثات کا امکان ہو سکتا ہے۔

ہائی وے پر سفر کرنے والے اپنی گاڑیوں کے " ہیزٹ " لازمی طور پر استعمال کریں تاکہ پیچھے سے آنے والی والی گاڑیو ں کے ڈرائیور ز ہوشیار ہو سکیں۔ خراب موسم کے دوران تیز رفتاری سے اجتناب کیا جائے۔ جبکہ سڑک پر چلنے والے افراد سانس کی پیچیدگی سے بچنے کے لیے میڈیکل ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ گزشتہ روز ریاض ریجن میں آنے والے گرد و غبار کے طوفان کی ایک وڈیو بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھُول اور مٹی کے اس طوفان کے باعث شاہراہوں پر گاڑی چلانے والے افراد خاصی پریشانی کا شکار ہوئے۔