احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی

حمزہ شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ کی بناء پر عدالت میں پیش نہیں کیا گیا،عدالت کا آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 20 جولائی 2019 20:29

احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر نے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کہاں ہیں جس پر نیب نے جواب دیا وہ اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، حمزہ شہباز سے اثاثہ جات کیس میں تحقیقات کی جا رہی ہیں، اس لیے حمزہ شہباز کو پیش نہیں کیا گیا۔ اور ان سے ناجائز اثاثہ جات کیس میں تحقیقات کی جا رہی ہیں، اس لیے انہیں پیش نہیں کیا۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا ان کو پیش نہ کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج نے شہباز شریف سے سوال کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں جس پر شہباز شریف نے کہا مجھے بدنام کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، بیرون ملک کے اخبار میں ایک خبر میرے خلاف چھپا کر مجھے بدنام کیا گیا، دنیا کو بتایا گیا کہ شہباز شریف زلزلہ زدگان کی رقم کھا گیا ہے، اللہ مجھے ایسی رقم سے زندگی بھر دور رکھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے تو تحریک انصاف نے بدنام کرنا ہی تھا لیکن پاکستان کو بدنام کیا گیا، اگر میں نے ایسی رقم کھائی تو نیب حکام اس کا کیس بنا کر معزز عدالت میں لاتے۔ اگر اس کیس میں حقیقت تھی تو پاکستانی میڈیا کے سامنے لیکر آتے غیر ملکی اخبار میں خبر چھپوانے کی کیا ضرورت تھی۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی۔