ملک دیوالیہ کرنے والوں کا احتساب کرنا ہوگا‘مخدوم زادہ زین حسین قریشی

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:19

ملتان ۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ ملک دیوالیہ کرنے والوں کا احتساب کرنا ہوگا‘ ملک میں طاقت ور اور کمزور کیلئے ایک ہی قانون ہوگا‘ پہلے ادوار میں امیروں کے لیے الگ قانون اور غریبوں کیلئے الگ قانون ہوتا تھا۔ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق امیر ‘ غریب سب کیلئے ایک جیسے قانون پر عمل درآمد کروائیگی۔

ملک میں ایک ہی قانون کی حکمرانی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں سات مقامات پر سڑکوں کی تعمیرو مرمت اور کارپیٹنگ کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاحکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ وسائل کے مقابلے میں مسائل بہت زیادہ ہیں۔

جو راتوں رات حل نہیں ہوسکتے۔ حکومت تمام بحرانوں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا ماضی میں جنوبی پنجاب صوبے کے باسیوں کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا۔ یہاں کے وسائل دوسرے اضلاع میں شفٹ کئے گئے۔ جس کی وجہ سے یہاں کی محرمیوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا اب ایسا نہیں ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے وسائل جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہونگے۔

ملکی تاریخ پہلی دفعہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے علیحدہ بجٹ مختص کیا گیا ہے جو یہاں کے عوام کو صحت ‘ سڑکوں ‘ صاف پانی کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر صرف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا این اے 157کے عوام سے محبت اور خلوص کا رشتہ ہے ۔ یہاں کے عوام نے میرے والد کو عزت دی اور اب مجھے یہاں سے کامیاب کروا کر اقتدار کے ایوانوں میں بھیجا ہے ۔

این ای157 کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے ۔ یہاں سوئی گیس ‘ صحت ‘ سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ جو بھی وسائل ملے این اے 157 کی ترقی پر خرچ کریں گے۔ اور این ای157 میں ترقیاتی کاموںکا جال بچھا دیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا سابقہ ادوار میں ہر ادارے میں کرپشن کی گئی ۔کرپشن کی وجہ سے اداروں کو کھوکھلا کیا گیااور ملکی خزانے کو خالی کیا گیا۔

انہوں نے کہا سابقہ ادوار کے توانائی کے منصوبوں کا آذٹ کروایا جائے گا اور اس کی مکمل تحقیق کی جائے گی ۔ اور کرپشن میں ملوث ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ایک مربوط پروگرام کے ذریعے پنجاب کے ہسپتالوں ‘ سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں دوسرے سرکاری محکموں کو بھی بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔

جس سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا صحت کارڈ موجودہ حکومت کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جس کے ذریعے غریب اور مستحق افراد کو حکومت کی طرف سے مخصوص ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کے ترقیاتی منصوبے عوام دوست ہیں جن کے مکمل ہونے سے دورس نتائج سامنے آئیں گے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی اور صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے بستی رڈ میں ‘ چک نمبر 21رحیم چوک ‘ چھرا موڑ مخدوم رشید ‘ پل سہو وہاڑی روڈ ‘ پل 7 ٹی اور 9کسی وہاڑی روڈ پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور کارپیٹنگ کے کام کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر سابق یوسی چیئرمین ممتاز بلوچ‘ علی احمد بھنڈر ‘ چودھری شبیر جٹ ‘ ملک عامر اعوان ‘ عبدالرحمن سنگھیڑا ‘ عبدالشکور گجر ‘ چودھری حیدر علی ‘ خان بیگ سمیت پی ٹی آئی ورکرز کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔