ابھی تو کھیل شروع ہوا، آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا

جس جس نے قوم کاپیسا کھایا ہے وہ ٹکٹکی تک پہنچے گا،شیخ رشید

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 21 جولائی 2019 05:11

ابھی تو کھیل شروع ہوا، آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2019ء)   وزارت کی کارکردگی کا بتائیں یانہ بتائیں تحریک انصاف کے ہر وزیر کوسیاسی بیان بازی کا بہت شوق ہے۔حماد اظہر،مراد سعید اور فواد چوہدری سے لے کر اب دوبارہ فیاض الحسن چوہان تک آ جائیں یہ وزرا جہاں بھی بات کریں گے سیاسی بیان بازی سے ہٹ کر کبھی نہیں کریں گے۔انہوں نے دس مہینے کے عرصے میں اپنی وزارت کی کارکردگی پر شاید ہی چند پریس کانفرنس کی ہوں یا کوئی باقاعدہ منصوبہ بندی سے قوم کو آگاہ کیاہو مگر یہ لوگ ہر روز میڈیامیں آتے ا ور پریس کانفرنس کے علاوہ ٹاک شو میں بھی دکھائی دیتے ہیں یہ روزانہ سابقہ حکومتوں کولعن طعن کرتے اور اپنی سیاست کی کہانیاں سناتے ہیں۔

انہی وزرا میں اگر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو بھی شامل کر لیا جائے تو غلط نہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ایک تو وہ آئے دن سیاسی پیشین گوئیاں کرنے کے لیے حاضر ہوتے رہتے ہیں اور دوسرا سیاسی بیان بازیاں بھی ان کا شغف ہے۔گزشتہ روز بھی انہوں نے پریس کانفرنس کی اور ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے ان سے قوم کا لوٹا پیسا واپس لینے کے ساتھ ساتھ ٹکٹکی تک پہنچا دیا۔

پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جھاڑو پھرتے پھرتے آخری کونے تک آگیا، ابھی تو کھیل شروع ہوا، آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔فضل الرحمان وزیراعظم کا استعفیٰ لیتے لیتے چیئرمین سینیٹ تک پہنچ گئےمگر یہاں بھی انہیں منہ کیکھانا پڑے گی۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں تمام چوروں کو ٹکٹکی لگے گی، وزیراعظم سے کہا جس جس نے قوم کا پیسہ کھایا ہے وصول کیا جائے۔

ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے، آپ چیخیں مار رہے ہیں، قوم کو پہلے بھی کہا جو جتنا چیخ رہا ہے وہ ٹکٹکی کے اتنا ہی قریب ہے۔شیخ رشید نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں کے وکٹ کے دونوں طرف تعلقات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے ادارے ریلوے ورکشاپوں پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ٹرینوں کی تاخیر کا نوٹس لیا ہے، جلد نئی ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں۔