ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافروں کو سہولیات کی دستیابی یقینی نہ بنانے والے اڈا مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منگل 23 جولائی 2019 22:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) : ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس قائمقام ڈپٹی کمشنر / ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو) طارق نیازی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین ‘ چیف ٹریفک آفیسر آصف ظفر چیمہ ‘ ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم ‘ اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ رانا حبیب الله اور پنجاب پولیس و ہائی ویز کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جنرل بس سٹینڈ اور سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل میں بعض ٹھیکہ جات کی نیلامیوں کے امور زیر بحث آئے۔ قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض ٹرانسپورٹ اڈوں کی ابترصورتحال کاسخت نوٹس لیا ہے لہذا پبلک ٹرانسپورٹ سٹینڈزپر صفائی ستھرائی،سیکورٹی،لائٹنگ،پینے کے صاف پانی سمیت دیگرضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور خصوصی طور پر سیکورٹی کو فعال رکھنے سے متعلقہ امور کو تسلسل کے ساتھ چیک کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو متعلقہ قواعد و ضوابط کاپابند بنائیں اور نوٹسز کے باوجود عدم تعمیل کی صورت میں لائسنس منسوخ کر دیا جائے۔انہوں نے مسافر گاڑیوں کی فٹنس پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی ان فٹ گاڑی سڑکوں پر نظر نہیں آنی چاہیے۔ قائمقام ڈپٹی کمشنر نے اوورلوڈنگ اور اوورچارجنگ کی سختی سے حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوںنے شعبہ ٹرانسپورٹ میں اعلی نظم و نسق کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔