پاکستانیوں کا میجر جنرل آصف غفور کے حق میں ٹویٹر ٹرینڈ

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ہم وطنوں کا شکریہ ادا کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 اگست 2019 12:33

پاکستانیوں کا میجر جنرل آصف غفور کے حق میں ٹویٹر ٹرینڈ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2019ء) : مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنی حمایت میں ٹویٹر ٹرینڈ شروع کرنے پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔ ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے پیغام میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ میرے پیارے پاکستانیو! آپ نے بھارتی ٹرینڈ کے مقابلے میں میرے لیے گذشتہ رات ایک ٹرینڈ متعارف کروایا جس پر میں آپ کا شکرگزار ہوں۔

مجھے آپ کی محبت اور سپورٹ کا مکمل طور پر احساس ہے لیکن بھارت کی جانب سے کی جانے والی بیان بازی سے ہمیں فرق نہیں پڑنا چاہئیے۔ کاش کہ میں آپ سب کا انفرادی طور پر شکریہ ادا کر سکتا۔ ساتھ ہی انہوں نے WeArePakistan# کا ہیش ٹیگ بھی شئیر کیا اور کچھ تصاویر بھی شئیرکیں جس میں آصف غفور کے حق میں چلایا گیا ٹویٹر ٹرینڈ سب سے اُوپر تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور پر الزام تراشی کی گئی اور ان کی تصاویر شئیر کر کے کہا گیا کہ آصف غفور بھارت کے خلاف چلنے والے جھوٹی خبروں اور پراپیگنڈہ کے ذمہ دار ہیں۔

اور ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ جیسے ہی کوئی جھوٹی خبر دیکھو تو فوراً اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرو جس کے بعد بھارتی صارفین نے میجر جنرل آصف غفور کے خلاف ایک ٹویٹر ٹرینڈ متعارف کروایا جس کی کامیابی پر بھارتی پھولے نہ سمائے لیکن ان کی یہ خوشی زیادہ دیر تک نہیں ٹک سکی کیونکہ میجر جنرل آصف غفور کے حق میں پاکستانی عوام نے ایک ٹویٹر ٹرینڈ WeAreAsifGhafoor# متعارف کروایا جسے اتنی زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جس پر آج میجر جنرل آصف غفور نے بھی پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔