اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف کے استعفے کی خبریں جھوٹی قرار

راحیل شریف کا سعودی پالیسیوں پر نہ تو کوئی اختلاف ہوا اور نہ انہوں نے استعفیٰ دیا۔ اُردو پوائنٹ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 اگست 2019 13:38

اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف کے استعفے کی خبریں جھوٹی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2019ء) : اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔ تفصیلات کے مطابق اُردو پوائنٹ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے سابق آرمی چیف اور اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف نے اسلامی فوجی اتحاد کی قیادت سے استعفیٰ نہیں دیا اور نہ ہی ان کے سعودی عرب کی پالیسیوں پر کسی قسم کے کوئی اختلافات تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بالکل بے بنیاد اور جھوٹی ہیں اور ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ راحیل شریف نے سعودی عرب کی بھارت نواز پالیسیوں کے خلاف ردعمل کے طور پر استعفیٰ دے دیا ہے، اور اس فیصلے پر ان کو سعودی عرب کی غلط پالیسیوں نے مجبور کیا ۔

(جاری ہے)

تاہم اُردو پوائنٹ نے اپنے ذرائع کے توسط سے اس کی تفصیلات معلوم کیں جس پر علم ہوا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں اور پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف تاحال اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف ہیں اور وہ اسلامی فوجی اتحاد کی قیادت کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے 29 نومبر 2016ء کو ریٹائر ہونے کے بعد جنوری 2017ء میں سعودی عرب میں قائم ہونے والے اسلامی اتحاد کی کمان سنبھالی تھی۔ سعودی عرب نے 2015ء میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے 34 اسلامی ممالک کا ایک فوجی اتحاد تشکیل دیا تھا جس میں مصر، قطر اور عرب امارات جیسے کئی عرب ممالک کے ساتھ ساتھ ترکی، ملیشیا اور افریقی ممالک بھی شامل ہیں۔ اس اتحاد میں شریک اسلامی ممالک کے درمیان باہمی روابط اور ملٹری آپریشن کی غرض سے اس کا مشترکہ آپریشن سینٹر سعودی عرب کے شہر ریاض میں بنایا گیا تھا۔