فلم، ٹی وی اور موسیقی سے وابستہ کئی ستاروں نے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے جشن آزادی کے پیغامات بھیجے ، تصاویر شیئر کیں

بدھ 14 اگست 2019 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2019ء) فلم، ٹی وی اور موسیقی سے وابستہ کئی ستاروں نے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے جشن آزادی کے پیغامات بھیجے اور اپنی تصاویر شیئر کیں۔تفصیلات کے مطابق اداکار عمران اشرف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستانی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

اداکارہ عائشہ عمر نے بھی دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد ایک ویڈیو کے ذریعے دی جبکہ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایک دن وہ کشمیریوں کو بھی یوم آزادی کی مبارکباد کا پیغام دیں سکیں گی۔اداکار اظفر رحمن نے بھی پاکستانی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستانی ہمیشہ ایک مضبوط دیوار کی طرح ایک ساتھ کھڑے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ہمایوں سعید نے دعا کی کہ خدا ہمارے پیارے پاکستان کی ہمیشہ حفاظت کرے۔فیصل قریشی نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے مداحوں کو جشن آزادی مبارک کا پیغام دیا۔محب مرزا نے اپنی ایک تصویر شیئر کرنے کے ساتھ انسٹاگرام پر ہیش ٹیگز کے ذریعے یوم آزادی کی مبارکباد مداحوں کو دی۔گلوکار عمیر جسوال نے دعا کی کہ ہمارا پیارا وطن جگ جگ جیئے۔شان شاہد نے مداحوں کو مبارکباد دیتے ہوئے خود سے وعدہ کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے وطن کی حفاظت کریں گے اور اس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ماہرہ خان نے بھی مداحوں کو 14 اگست کی مبارکباد دی۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں معرف ملی نغمے کے بول شیئر کیے، 'سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے۔