'' تم ایک چور ہو اور پاکستان کی نمائندگی کی حقدار بھی نہیں ہو ''

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی تنقید کی زد میں آگئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 اگست 2019 14:26

'' تم ایک چور ہو اور پاکستان کی نمائندگی کی حقدار بھی نہیں ہو ''
امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2019ء) : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو اُس وقت تقریب چھوڑ کر جانا پڑ گیا جب ان پر کرپشن کے الزامات لگے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی ایک تقریب میں شریک تھیں جب وہاں ایک پاکستانی نژاد شخص نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تم چور ہو اور تم پاکستان کی نمائندگی کرنے کے قابل بھی نہیں ہو۔

تقریب میں سوال جواب کے دوران پاکستانی نژاد شہری نے ملیحہ لودھی پر کرپشن کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ آپ جیسے لوگ اسی طرح امیر بنتے ہیں۔ آپ نے پچھلے کئی سالوں میں پاکستان کے لیے کیا ہی کیا ہے ؟ آپ کر کیا رہی ہیں؟ آپ پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں؟ آپ کو میرے سوال کا جواب دینا ہو گا کیونکہ آپ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور میں پاکستان سے ہوں۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے پاکستانی شہری کو خاموش ہونے کا کہا جس پر اُس نے کہا کہ میں کیوں خاموش رہوں؟ آپ کو جواب دینا ہو گا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پاکستانی شہری کے سوال کرنے پر ملیحہ لودھی تقریب سے جواب دئے بغیر ہی چلی گئیں جس پر پاکستانی شہری نے قدرے بلند آواز میں کہا کہ آپ جیسے لوگ ہی پاکستان کا پیسہ چوری کر رہے ہیں۔ بیس سالوں میں ابھی تک آپ سے کچھ نہیں ہو سکا۔

آپ اس قابل ہی نہیں ہیں کہ پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کی وجہ سے ملیحہ لودھی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کئی پاکستانی صارفین نے ملیحہ لودھی سے پاکستانی کی نمائندگی واپس لینے اور انہیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایسے لوگوں پر پاکستان کا پیسہ خرچ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے جو وقت آنے پر پاکستان کی مدد نہیں کر سکتے، ایسے اعلیٰ عہدے کا کیا فائدہ جب پاکستان اپنا مؤقف ہی درست طریقے سے پیش نہیں کر پا رہا۔