ہرمحکمہ خالی مقامات پر بھرپور انداز میں شجرکاری کریں،ڈی سی پاکپتن

جمعہ 16 اگست 2019 20:15

پاکپتن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) ماحول کو معطر اور تروتازہ رکھنے کیلئے درخت اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ صاف ماحول ہی انسانی زندگی کی بقاء کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اس لیے معاشرہ کے ہرفرد کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ بھر پور طریقے سے درخت لگائے اور اپنے اردگرد کے ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان نے پلانٹ فار پاکستان ڈے شجرکاری مہم کے حوالہ سے بلائے گئے جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عارفوالہ آصف حسین شاہ ،سی ای او ایجوکیشن راجہ طارق محمود ،ڈی او انفارمشن سید سلمان حسین ،رینج آفیسر چوہدری محمد یونس ،ڈی ڈی لائیو سٹاک ڈاکٹر اشفاق حسین ،اے ڈی ایل جی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق 18اگست کو پلانٹ فار پاکستان ڈے کو پور ے جوش و جذبہ سے منایا جارہاہے ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر محکمہ اپنے مقررہ ٹارگٹ کے مطابق دفاتر اور گردونواح خالی مقامات پر بھرپور انداز میں شجرکاری کریں اور پاکستان کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں،محکمہ پولیس ڈی پی او آفس ،پولیس لائن اور ضلع بھر کے تھانوں اسی طرح محکمہ لوکل گورنمنٹ یونین کونسل کی سطح تک ،میونسپل کمیٹیو ں کے دفاتر و پارکس ،محکمہ ہیلتھ ڈی ایچ کیو،ٹی ایچ کیو ،آرایچ سی اور بنیادی مراکز صحت ،محکمہ تعلیم ضلع بھر کے سکولوں میں پودے لگا کر اپنا حدف پورا کریں مزید براں محکمہ سوشل ویلفیئر مختلف این جی اوز کو بھی اس قومی مہم کا حصہ بنائیں ۔