Live Updates

پاکستان جس خواب پر بنا تھا ہم اس سے بہت دور چلے گئے ہیں ،ہم نے اسے واپس اسی وژن پر لانا ہے‘ عمران خان

پاکستان کا وژن یہ تھا اسے مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر ایک فلاحی ریاست بنایا جائے،مدینہ کی ریاست ایک جدید ریاست تھی ہمارا وژن ہے کمزور طبقے کی مدد کریں، احساس پروگرام وہ ہے جس کو سوچ سمجھ کر شروع کیا گیا ہے‘ وزیر اعظم کا تقریب سے خطاب وزیر اعظم نے پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت دے دی ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، عمران خان کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس

ہفتہ 17 اگست 2019 20:50

پاکستان جس خواب پر بنا تھا ہم اس سے بہت دور چلے گئے ہیں ،ہم نے اسے واپس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوموں کا بھی وژن ہوتی ہے لیکن افسوس کے ساتھ پاکستان جس خواب پر بنا تھا ہم اس سے بہت دور چلے گئے ہیں تاہم ہم نے واپس اسی وژن پر لانا ہے،پاکستان کا وژن یہ تھا کہ اسے مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر ایک فلاحی ریاست بنایا جائے، مدینہ کی ریاست کے بارے میں ہر بار اس لیے بتاتا ہوں تاکہ بچے، بچے کو پتہ چل سکے کہ وہ کیا ریاست تھی،میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کابینہ اجلاس سے قبل ہر وزارت سے پوچھا جائے کہ انہوں نے عام آدمی کی زندگی بہتر کرنے کے لیے کیا کام کیا ہے ۔

اسلام آباد میں خصوصی افراد کے لیے صحت سہولت پروگرام کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وژن انسان کا روڈ میپ ہوتا ہے، یہ وہ مقصد ہوتا ہے، جس پر انسان ساری زندگی محنت کرکے پہنچتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مدینہ کی ریاست ایک جدید ریاست تھی، اس میں جدید تصورات تھے، اس کی بنیاد دو اصولوں انسانیت اور انصاف پر کھڑی ہوئی تھی اور ایک مہذب معاشرے اور جانوروں کے معاشرے میں یہی فرق ہوتا ہے۔

جانوروں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے اورنا انسانیت ہوتی ہے ، وہاں رحم نہیں ہوتا، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا حساب ہوتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر چلنے کا مطلب یہی ہے کہ وہ ہمارے لیے رول ماڈل ہیں اور ان کی سنت پر چل کر ہم کامیاب ہوجائیں گے کیونکہ دنیا کی عظیم شخصیت ہمارے نبیؐ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ کے سب سے کامیاب انسان میں سب سے اول حضورؐ کا نام ہے، اس لیے ہمیں کہا گیا کہ ان کی زندگی سے سیکھو اور شریعت پر چلو۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان واحد ملک تھا جو اسلام کے نام پر بنا تھا اور یہ ہم بہت بڑی غداری کرتے ہیں کہ اپنے وژن کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں، ہمارے سربراہ کہتے ہیں کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر یا لاہور کو پیرس بنا دوں گا یہ ان کی وژن ہے لیکن پاکستان اس لیے تو نہیں بنا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو وہ ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں انسانیت اور عدل و انصاف ہو اور یہ اللہ کا وعدہ ہے کہ جب نبیؐ کی شریعت پر چلا جائے گا تو قوم کو اوپر اٹھا دیا جائے گا۔

ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ نچلے طبقے کو اوپر لائے اور جب انسان کے معاشرے میں رحم ختم ہوجاتا تو وہ عقلمند جانور رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ کمزور طبقے کی مدد کریں، احساس پروگرام وہ ہے جس کو سوچ سمجھ کر شروع کیا گیا ہے، اس پر تفصیل سے کام کیا گیا ہے، ہمارا مقصد ایسا پروگرام لانا ہے کہ ملک میں جتنے ادارے غریبوں کے لیے کام کررہے ہیں ان کا ڈیٹا مرتب کریں اور سب ایک جگہ سے کام کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے اندر سب سے اہم صحت سہولت کارڈ پروگرام ہے، تحقیق میں واضح ہوا ہے کہ جب ایک غریب گھرانے میں بیماری آتی تو وہ پورے گھر کا بجٹ خراب کردیتی ہے اور بیماری انسان کو غربت کی لکیر کے نیچے لے جاتی ہے۔پاکستان میں 25 سے 40 فیصد لوگ غربت کی لکیر کے ارد گرد یا نیچے ہیں، لہٰذاہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم انہیں صحت انشورنس دیں۔

حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ لوگوں کی زندگی بہتر کرے، لہٰذاہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہفت وار ہونے والے کابینہ کے ہر اجلاس سے قبل ہر وزارت بتائے کہ وہ کیا ایسا کام کرے گی جس سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہو۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بریفنگ دی۔

امین اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا، ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے سلسلے میں پی سی ون تشکیل دیے جا چکے ہیں، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریبا سوا 3 ارب پودے لگائے جائیں گے جس کا 2 سال بعد جائزہ لیا جائے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کے آغاز میں ہی نہایت حوصلہ افزا نتائج موصول ہوئے، الیکٹرک وہیکلز کے ضمن میں پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جو جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس منصوبے کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، منصوبے سے ہریالی، صفائی کے معیار پر شہروں اور مضافاتی علاقہ جات کی درجہ بندی کی جائے گی، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12، خیبرپختونخوا کے 7 شہروں میں منصوبے کو شروع کیا جائے گا جب کہ کل شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران 3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ماحولیات کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزا ہے، اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے طلبا کی بھرپور شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات