بارشوں اور بجلی نے مل کردرجنوں افراد کی جان لے لی

نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 18 اگست 2019 06:35

بارشوں اور بجلی نے مل کردرجنوں افراد کی جان لے لی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست2019ء)   گزشتہ ایک ماہ سے ملک بھر میں بارشوں کا جو سلسلہ جاری ہے وہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا اور کہیں کہیں تو بارش رحمت کی بجائے زحمت بھی بن چکی ہے۔جس میں سرفہرست کراچی شہر ہے کیونکہ وہاں نکاسی آب کا معاملہ ایسا خراب ہوا ہے کہ پانی شہر سے نکلنے کا نام ہی نہیں لے رہا،اور یوں کچرے کے ساتھ مل کر پانی نے وہ تعفن اٹھایا ہے کہ بدبو کی وجہ سے بھی کئی لوگوں کو صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس کے علاوہ بارشوں کی زیادتی کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور درجنوں لوگ موت کے گھاٹ اتر گئے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں مون سون سیزن کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات پر کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'نیپرا کے سینئر افسران کو معاملے کی تحقیقات کے لیے مقرر کیا ہے اور انہیں 15 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرنے کا وقت دیا گیا ہے'۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی میں بہت زیادہ مون سون کی بارشیں ریکارڈ کی گئی تھیں، جس کے باعث اربن فلڈنگ اور پانی کے جمع ہونے کے باعث شہر کا انفرااسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ کرنٹ لگنے کی وجہ سے بہت سے افراد جان سے گئے تھے جبکہ دیگر واقعات بھی رونما ہوگئے اور شہر کا بڑا حصہ طویل دورانیے تک بجلی سے محروم رہا۔بیان میں کہا گیا کہ 'یہ تمام حقائق نیپرا کے انتظامی قوانین، ضابطے، معیار اور کے الیکٹرک کی جانب سے دیگر قابل عمل دستاویزات کی ممکنہ خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہیں '۔

لہٰذا ان واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے ریگولیٹری باڈی الیکٹرک پاور ایکٹ 1997 کی ریگولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کی شق 27 اے کے تحت کے الیکٹرک کے خلاف 'واقعات کے حقائق کی تصدیق' کے لیے باضابطہ تحقیقات کا حکم دیتی ہے۔نیپرا کے مطابق اتھارٹی اس بات کا بھی تعین کرے گی کہ کے الیکٹرک کی جانب سے آیا کوئی ایسی خلاف ورزی یا قانون کی عدم تعمیل کی گئی جو انسانی جانوں کے ضیاع یا بجلی کے منقطع ہونے کا باعث بنی۔

قبل ازیں کے الیکٹرک کی جانب سے جاری ایک بیان میں حالیہ بارشوں کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندوں سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا تھا۔ بارشوں کے دوران کراچی میں مختلف حادثات خاص طور پر کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2 بچوں سمیت 27 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔