Live Updates

وزیراعظم کی سی پیک منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

منصوبوں میں تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، ملتان سکھرموٹروے کا جلد افتتاح کیا جائے گا، سی پیک کی تکمیل سے پاکستان ہی نہیں پورا خطہ مستفید ہوگا،۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت جائزہ اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 اگست 2019 19:46

وزیراعظم کی سی پیک منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اگست 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سی پیک منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، منصوبوں میں تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، سی پیک کی تکمیل سے پاکستان ہی نہیں پورا خطہ مستفید ہوگا، ملتان سکھرموٹروے کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اقتصادی راہداری کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی بختیار سومرو، وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب ، مشیر تجارت اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں پورٹ قاسم کول فائرڈ پاورپلانٹ، گوادر پاور پلانٹ، کوہالہ ہائیڈرو پاورپراجیکٹ، حبکو تھرکول پاور پراجیکٹ، تھر کول پاور پراجیکٹ، ایم ایل ون، گوادرپورٹ و دیگر اہم منصوبوں پراب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

اسی طرح اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی، انفرااسٹرکچر،اورنج لائن منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں سکھرملتان موٹروے، تھاہ کوٹ حویلیاں سیکشن، ایسٹ ایکسپریس وے، نیوگوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ، ایم ایل ون ، ڈی آئی خان ژوب منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کوبتایا گیا کہ ملتان سکھرموٹروے مکمل کیا جا چکا ہے جلد باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کو شفاف انداز میں بروقت مکمل کیا جائے۔ سی پیک کے تحت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی مقررہ ٹائم فریم میں تکمیل اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی تزویراتی پارٹنرشپ کا عملی نمونہ ہے۔ سی پیک منصوبوں پربلا تعطل پیشرفت یقینی بنانے کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات