موجودہ حکومت کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے پوری طرح سے سنجیدہ ہے ،جام کمال خان

صوبے میں دیرپا امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی روک تھام میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ،سکیورٹی اداروں کی قربانیاں باعث فخر ہیں جن کی بدولت امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 19 اگست 2019 22:21

موجودہ حکومت کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ،(CTD)کی استعداد کار کو بڑھانے اور بلوچستان کے تمام ڈویژنز اور ان سے منسلک اضلاع میں بھرپور طریقے سے فعال بنانے کے لئے پوری طرح سے سنجیدہ ہے تاکہ دہشت گردی اور تخریب کاری جیسے منفی رحجان کا موثر تدارک ہو سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کیا، وزیر اعلی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کوئٹہ میں سیکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء لانگو، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکورٹی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے دائرہ اختیار کو بلوچستان کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ان سے منسلک اضلاع تک وسعت دیے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ایسا میکنزم ترتیب دیا جا رہا ہے جو 21ویں صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو جس میں جیوفینسنگ،جدید ڈیجیٹل فارنزک لیب اور تمام دستیاب ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کرنا شامل ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی روک تھام میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں باعث فخر ہیں جن کی بدولت امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے سی ٹی ڈی میں 500 نئی آسامیاں تخلیق کی ہیں جس سے محکمے کے ہیومن ریسورس میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان آسامیوں پر درخواست جمع کرانے والے امیدواروں کے لیے مخصوص ٹیکسٹ بک اور ٹیسٹنگ سروس متعارف کرائی جائے جو محکمے کے امور اور طرزِ عمل سے مطابقت رکھتی ہو تاکہ پروفیشنلز م کو فروغ دیا جا سکے، وزیراعلی نے کہا سی ٹی ڈی کا کردار دہشت گردی اور تخریب کاری کے خاتمے میں اہمیت کا حامل ہے جن کی بدولت امن و امان کی صورتحال میں بہترہوئی ہے، حکومت پولیس فورس اور سی ٹی ڈی کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرے گی جس میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے جس سے محکمے کی کارکردگی میں ایک مؤثر اور نمایاں تبدیلی آئے گی۔