اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نواب سمیر خان لغاری کی پہلی کھلی کچہری کے موقع پر معززین علاقہ نے مسائل کے انبار لگا دیئے

ریڈ زون بالاکوٹ کے 5600 خاندانوں کا حق ہے، تحصیل انتظامیہ کمزور موقف پیش نہیں کرے گی، اے سی کی یقین دہانی

منگل 20 اگست 2019 21:41

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نواب سمیر خان لغاری کی بالاکوٹ میں پہلی کھلی کچہری کے موقع پر معززین علاقہ نے اپنے مسائل اور درپیش عوامی مسائل پیش کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ کے آفس کے احاطہ میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے بالاکوٹ کی ہر دلعزیز شخصیت حاجی طاہر خان نے بتایا کہ بالاکوٹ شہر خاص کر مانگلی کے بیشتر ایریا کے مکین پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔

انہوں نے ٹیوب ویل کی موجودگی کے باوجود پانی کی فراہمی نہ ہونا انتظامی کمزوری قرار دیا۔ حاجی طاہر خان نے بالاکوٹ بازار میں ٹریفک کی بندش، غیر قانونی پارکنگ اور جا بجا منی اڈوں کے خلاف بھی کھل کر اظہار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نواب سمیر حسین لغاری نے حاجی طاہر خان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالوں پر کھلی کچہری میں شریک افراد کو بتایا کہ ان کی بکریال سٹی کے حوالہ سے چند روز قبل ہی ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے ساتھ ایرا کے نمائندوں اور بکریال سٹی کی سٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں میٹنگ ہوئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ سب سے پہلے ریڈ زون کی حیثیت ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ریڈ زون بالاکوٹ کے 5600 خاندانوں کا بنیادی حق ہے اور تحصیل انتظامیہ کسی بھی طور پر کمزور موقف پیش نہیں کرے گی، کھلی کچہری کا مقصد ہی عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانا ہے۔ انہوں نے بالاکوٹ بازار میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے بہائو اور غیر قانونی پارکنگ و منی اڈوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کے ساتھ کاغان روڈ بالاکوٹ کو نادرا آفس سے ایوب پل تک کے تمام ایریا کو نو پارکنگ زون کا درجہ دیکر آئندہ کسی بھی غیر قانونی طور پر کھڑی ٹیکسی گاڑی، موٹر کار، ویگن یا کوئی بھی گاڑی ہو، کو بذریعہ لفٹر اٹھانے اور تھانے میں بند کرنے کا حکم جاری کیا۔

پانی کے مسئلہ پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے ذمہ داروں کو پابند بنایا گیا کہ وہ عوامی مشکلات کا ازالہ ممکن بنائیں۔ کھلی کچہری سے سٹی کونسل بالاکوٹ کے ناظم اسد قذافی، انجمن تاجران بالاکوٹ کے صدر جاوید اقبال، نائب ناظم حیدر علی خان، جنرل کونسلر بابو ایاز، نمبر دار میر زمان، سماجی شخصیت خادم محمد خوشحال، سماجی شخصیت اور متحدہ عوامی اتحاد کے رہنما حاجی معروف اعوان، سمندر خان، وارث خان ناظم ویلج کونسل سنگڑ اور دیگر مقررین نے اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نواب سمیر حسین لغاری نے سخت احکامات جاری کئے جبکہ کھلی کچہری میں عدم شرکت کرنے والے محکمہ جات کے سربراہان کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔