Live Updates

سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان ہاسپیٹیلیٹی شو 2019ء کا انعقاد دسمبر میں ہوگا

بدھ 21 اگست 2019 10:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) پاکستان میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ کے لئے ’’پاکستان ہاسپیٹیلیٹی شو 2019ء‘‘ کا انعقاد دسمبر میں ہوگا۔ نمائش کے انعقاد کے لئے ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) اور بدر ایکسپو سلوشنز نے شراکت داری کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ بین الاقوامی نمائش پاکستان ہاسپیٹیلیٹی شو کے حوالے سے ای ایف پی کے صدر ماجد عزیز نے کہا ہے کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں نمائش کے انعقاد سے پاکستان میں سیاحت اور سفری سہولیات کے شعبوں کے ساتھ ساتھ ہوٹلنگ کی صنعت کی ترقی اور فروغ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر میں منعقد ہونے والی نمائش میں قومی و بین الاقوامی ادارے اور وفود شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی سیاحت کے شعبہ کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور وفاقی حکومت نے اس حوالے سے متعدد جامع اقدامات بھی کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور عالمی سیاح ملک کے سیاحتی مقامات اور سہولیات سے آگاہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے انعقاد سے انہیں سیاحت اور سفری و ہوٹلنگ کی سہولیات سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ بدر ایکسپو سلوشنز کے ایم ڈی زہیر نصیر نے کہا کہ نمائش کے انعقاد سے قومی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی اور زرمبادلہ کمانے کا ایک ذریعہ ثابت ہوگی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات