آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، حمزہ شہباز کامزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنیکا حکم

بدھ 21 اگست 2019 17:00

لاہور۔21 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کامزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے حمزہ شہباز کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے مخالفت کی۔

نیب نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں لاکھوں ڈالر کی رقوم ایسے افراد کے ذریعے بھجوائی گئی جن کے ابھی پاسپورٹ بھی نہیں بنے تھے۔ رانا ظہیر فیصل آباد میں کپڑے کی دوکان پر ملازم ہے جس کا پاسپورٹ بھی نہیں بنا لیکن اس نے لندن سے حمزہ کو ایک لاکھ ڈالر بھجوائے۔

(جاری ہے)

آفتاب احمد اور شاہد رفیق منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں،ملزم آفتاب ،عثمان انٹرپرائز زکے فرضی ناموں سے پیسے شریف خاندان کے افراد کے اکائونٹ میں بھجواتا رہا۔

ملزم کا کہنا ہے کہ ہم ان سے پاکستان سے پیسے وصول کرتے تھے،عدالت نے نیب سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کہہ رہے ہیں میں تو انہیں جانتا بھی نہیں، نیب نے اس کیلئے مکمل تفتیش کی ہے۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ آپ ان سے یہ مت پوچھیں کہ تفتیش کیسے کی بلکہ آپ اصل بات تک پہنچ گئے ہیں کہ نیب کا کیس کیا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔