پاکستان کو سر سبز شاداب بنانے کیلئے ہر شہری اپنے حصے کا ایک پودا لگائے

جمعہ 23 اگست 2019 14:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) پاکستان کو سر سبز شاداب بنانے کیلئے اگر ہر شہری اپنے حصے کا ایک پودا لگائے تو پاکستان میں 20 کروڑ پودے ایک سال میں لگا کر فضائی آلودگی پر قابو پانے کیساتھ ساتھ صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار حلقہ این اے 88 رائو طاہر مشرف نے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہنبی پاکؐ نے 1400 سال قبل فرمایا تھا کہ جنگ میں بچوں اور خواتین کو نہ مارنا اور درختوں کو شہید نہ کرنا آج دنیا کے سائنسدان درختوں کی کٹائی کو فضائی آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ قرار دے رہے ہیں ہمیں چاہیئے کہ ہم سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہوکر درختوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ ان کے اگائو میں اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کو اس طرح راغب کریں کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کو سر سبز و شاداب بناسکیں ۔

رائو طاہر مشرف نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ جتنے بھی انتظامیہ کے افسران پودے لگا رہے ہیں ان سب کو پابند بنائے کہ وہ پودوں کی دیکھ بھال کی بھی ذمہ داری لیں تاکہ اس کی نشوونما بہتر انداز میں ہوسکے۔