Live Updates

قرضوں کی لعنت سمیت تمام مسائل سے عوام کی جان چھڑا رہے ہیں‘سمیع اللہ چوہدری

ضرورت پڑنے پر میں ملک کے لئے کسی بھی قسم کی جانی ومالی قربانی دینے سے گریز نہیں کروں گا‘صوبائی وزیر

جمعہ 23 اگست 2019 18:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیااینڈ پبلیکیشنز ایس او ایس ویلج میں’’ہمارا قائد ہمارا پاکستان اور کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی تھیم‘‘ کے تحت یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری تھے۔چیئرمین سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجد اور نیشنل ڈائریکٹر ایس او ایس صبا فیصل بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

صوبائی وزیر خوراک نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ادارہ یتیم،غریب اور نادار بچوں وبچیوں کی کفالت ،رہائش ، کھانے پینے اور ایجوکیشن کی ذمہ داری پوری کرتا ہے۔سمیع اللہ چوہدری نے ایس او ایس ویلج جیسے ادارے سے منسلک مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے جذبہ خدمت کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان اوران کی ٹیم جن کو 72سالوں کے مسائل ورثے میں ملے ہیں۔

قرضوں کی لعنت سمیت تمام مسائل سے عوام کی جان چھڑا رہے ہیں۔تھوڑا مشکل دور ہے لیکن ہم نیک نیتی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جس حکمران نے اپنی نیت میں کوتاہی رکھی ، عوام کی خدمت نہ کی اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا تو وہ نوشتہ دیوار ہو گا اور اس کا انجام بھی برا ہو گا۔انہوں نے ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت اوراب پاکستان کے امن وسکون کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

یہی لوگ فلاح پائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر میں ملک کے لئے کسی بھی قسم کی جانی ومالی قربانی دینے سے گریز نہیں کروں گا۔میں اپنی خدمات ایس او ایس ویلج جیسے اداروں کو پیش کرنے کے لئے تیار ہوں۔سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کا خون نا حق نہیں جائے گا،کشمیری مسلمان زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ سال کے اندر اپنی آزادی کی منزل پا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر کا سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جس طرح اجاگر کیا ہے اس سے پہلے کسی حکمران نے نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکار میری سوچ سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔میں نے ملاوٹ مافیا کا خاتمہ کرنا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ملاوٹ مافیا پنجاب میں رہے گا یا میری وزارت۔اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں صوبائی وزیر خوراک نے ایس او ایس ویلج میں یوم پاکستان کی تقریب کا کیک کاٹا ، تحریک پاکستان کے موضوع پر مبنی تصویری نمائش دیکھی او ر گارڈن میں پودا لگایا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات