ڈیرہ مرادجمالی،ضلعی انتظامیہ نے عطائی ڈاکڑز کے کلینکس،میڈیکل اسٹورزسیل کر دیے، ہزاروں روپے جرمانہ عائد

ہفتہ 24 اگست 2019 16:38

ڈیرہ مرادجمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) ڈیرہ مرادجمالی میں ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی عطائی ڈاکڑزاور میڈیکل اسٹورزکے خلاف کاروائی کرتے ہوئے کئی عطائی ڈاکڑز کی کلینکوں ،بغیر لائیسنس یافتہ میڈیکل اسٹور زاور لیبارٹریز کو سیل کرکے ہزاروں روپے جرمانہ عائد کردیا گیا، جبکہ کئی عطائی ڈاکڑز اپنی کلینکوں کو بند کرکے فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں عوامی شکایات اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف ڈپٹی کمشنر نصیر آباد ظفر علی محمد شہی کی ہدایت اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مرادجمالی غلام حسین بھنگر، ڈرگ انسپیکٹر اعجاز علی ،ڈاکڑمنظوراحمد ابڑو فارماسسٹ طاہر علی کانسی نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ ڈیرہ مرادجمالی شہر میںقائم عطائی ڈاکڑز کی کلینکوں، میڈیکل اسٹورز اور لیبارٹریزپر اچانک چھاپے مارے اور ان کے اسناد اور لائیسنس چیک کیئے کئی عطائی ڈاکڑز اور میڈیکل اسٹورز اور لیبارٹریز کو سیل کردیا جبکہ میڈیکل اسٹورز میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کی بناء پر ہزاروں روپے موقع پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مرادجمالی غلام حسین بھنگر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عطائی ڈاکڑز انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں نان کولیفائیڈڈاکڑز کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف وبائی بیماریاں پھیلانے میں ان کا کردار رہا ہے جن کے خلاف کاروائی کرنا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ نصیرآباد کا شمار گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے میڈیکل اسٹورز کے مالکان کو چاہیے کہ وہ ادویات کے ٹمپریچراورامن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے دکانوں میں ایرکنڈیشن اور سی سی ٹی وی کیمرے ایک ہفتے کے اندر لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ عطائی ڈاکڑز کے بجائے ایم بی بی ایس اور اسپیشلسٹ ڈاکڑز سے اپناعلاج کرائیں۔علاوہ ازیں عطائی ڈاکڑوں کے خلاف کاروائی کی اطلاع ملنے پر شہر اوراس کے گردونواح میں قائم عطائی ڈاکڑز نے کاروائی سے بچنے کے لئے اپنی کلینکوں کو تالے لگاکر فرار ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :