ظلم وجبرکا کوئی بھی ہتھکنڈہ کشمیریوںکے بھارت مخالف عزم کو دبا نہیں سکا اور وہ ہر قیمت پر آزادی چاہتے ہیں، صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی

ہفتہ 24 اگست 2019 18:56

ظلم وجبرکا کوئی بھی ہتھکنڈہ کشمیریوںکے بھارت مخالف عزم کو دبا نہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ظلم وجبرکا کوئی بھی ہتھکنڈہ کشمیریوںکے بھارت مخالف عزم کو دبا نہیں سکا اور وہ ہر قیمت پر آزادی چاہتے ہیں۔صدرمملکت نے ٹویٹر پر ایک ویڈیوبارے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے سرینگر جہاں گذشتہ روز کرفیو، پابندیوں، بلیک آئوٹ، آنسو گیس اور فائرنگ کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کشمیری عوام بشمول مرد ، خواتین اوربچے بھارتی جارحیت کے خلاف جمعہ کو سڑکوں پر نکلے۔

صدرمملکت نے اپنے 20لاکھ سے زائد ٹویٹر فالورز اور دیگر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ازراہ کرم اس ویڈیو کوری ٹویٹ کریں تاکہ دنیا جان سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے اور نیویارک ٹائمزکی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں بتایاگیا ہے کہ ’’خطرناک نعرے لگائے جارہے ہیں‘‘۔

(جاری ہے)

وقت ایک پرامن حل کے لئے تیزی سے نکل رہا ہے۔صدر مملکت نے متعدد ٹویٹس میں کہا کہ ہم بھارت کو خبردار کررہے ہیں کہ وہ دہشت کے بیج نہ بوئے اور پھر اپنے ظالمانہ اورغیرقانونی اقدامات کے ردعمل کے الزام پاکستان پر نہ لگائے۔

صدر نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے کہ کشمیرمیں بھارتی فوج گولیاں برسا کر خلاف ورزیاں کررہی ہے اور انہوں نے خوبصورت وادی اور اس میں بسنے والوں کو تہس نہس کرکے رکھ دیا ہے۔صدر نے کہا کہ بہنے والا ہر آنسو اور خون کا قطرہ آزادی کو پکار رہا ہے۔