کراچی پولیس چیف کی زیر صدارت اجلاس ،محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا

بدھ 28 اگست 2019 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2019ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بدھ کو ڈی آئی جی پی ساوتھ آفس میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈی آئی جی پی ایڈمن عاصم قائمخانی، ڈی آئی جی پی سی آئی اے عارف حنیف اور تینوں زونل ڈئی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ماہِ محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ہدایت جاری کیں کہ محرام الحرام کے دوران منعقدہ مجالس کے مقامات، برآمد ہونیوالے ماتمی جلوسوں، مرکزی جلوس کی گزرگاہوں، مرکزی اجتماع گاہوں، اسماعیلی اور بوہری کمیونٹی سمیت دیگر مقامات کی سیکیورٹی کے اقدامات پر عمل درآمد کوانتہائی مستعد اور متحرک رہتے ہوئے یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں، مجالس کے مقامات پر لیڈیز پولیس سرچر کو تعینات کیا جائے اور لاوڈ اسپیکر کا استعمال مجالس وجلوس کے حدود میں ہی رکھا جائے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر میں اسٹریٹ کرائم پر تشویش کا اظہار کیا، مزید کہا کہ ایسے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے جو جرائم پر قابو پانے کے لیے انتہائی محنت/جاںفشانی کے ساتھ شہر کا امن برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔