چینی تاجروں کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

ہفتہ 31 اگست 2019 13:46

چینی تاجروں کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2019ء) چین کے صوبے ژی جیانگ سے تعلق رکھنے والی ژی جیانگ ایمن سپلائی چین مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ایک وفد نے اینڈرسن کی قیادت میںاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پر مقامی تاجر بردری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی چین میں قائم پاکستان پویلین میں پاکستان کی مصنوعات کی فری نمائش کرے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے صنعتکار و تاجر اپنی مصنوعات کے نمونے ان کو بھیجیں تا کہ وہ ان کی چین میں نمائش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ژی جیانگ صوبے میں موجود ییو شہر درآمدات و برآمدات کے لحاظ سے دنیا کا نمبر ون شہر ہے جس میں 70ہزار سے زائد دکانیں ہیں اور3 لاکھ سے زائد اشیاء کی وہاں روزانہ تجارت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ییو شہر میں ہر سال اکتوبر میں اجناس کا عالمی میلہ منعقد ہوتا ہے جس میں دنیا بھر سے خریدار شرکت کرتے ہیں لہذا اجناس کا کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ اس میلے میں شرکت کر کے اپنے کاروبار کو فروغ دیں۔

اپنی کمپنی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اینڈرسن نے کہا کہ ژی جیانگ ایمن سپلائی چین مینجمنٹ کمپنی 2005میں قائم کی گئی تھی ایک عالمی معیار کی فریٹ فارورڈنگ کمپنی ہے اور زمینی، سمندری و ہوائی راستوں سے دنیا بھر میں مال سپلائی کرتی ہے۔ وفد میں اینڈرسن، کیم،ایمن، جوڈی اور دیگر شامل تھے۔ اینڈرسن نے کہا کہ چین دنیا بھر میں برآمدات کرتا ہے تاہم چین نے اب اپنی مارکیٹ کو درآمدات کیلئے کھول دیا ہے لہذا انہوں نے پاکستان کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ چین کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات چین کو سستی پڑتی ہیں لہذا چین پاکستان سے درآمدات کو ترجیح دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی 313 مصنوعات کو ترجیحی ٹیرف کی سہولت دے دی ہے لہذا پاکستان کی تاجر برادری اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر چین کے ساتھ برآمدات کو فروغ دے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میںجوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 20کروڑ سے زائد صارفین کی ایک پرکشش مارکیٹ ہے جس میں سپلائی چین بزنس کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ہول سیل اور ریٹیل سیکٹر اس وقت تیزی سے ترقی کر رہا ہے لہذا چین کے سرمایہ کاروں کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ پاکستان میں سپلائی چین بزنس میں سرمایہ کاری کرکے منافع بخش نتائج حاصل کریں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں اب پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے پاکستان میں پہلے مرحلے میں تقریبا 9 سپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار ان زونز میں پاکستان کے ہم منصوبوں کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے کی کوشش کریں۔