عوام کی صاف پانی تک سہل رسائی کو ممکن بنا کر بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے،کمشنرملتان

بدھ 4 ستمبر 2019 14:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے بارے پر عزم ہے۔صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔عوام کی صاف پانی تک سہل رسائی کو ممکن بنا کر بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے واٹر فلٹریشن پلانٹس بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان افتخار سہو نے کہا کہ ڈویژن بھر میں تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فنکشنل کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ نجی سیکٹر سے بھی معاونت حاصل کرے۔ڈویژن بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی جیو میپنگ کروائی جائے اور پلانٹس کے فلٹر باقاعدگی سے تبدیل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ زیر تکمیل واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل کر کے واسا کے حوالے کرے۔

واسا شہر کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کا پابند ہوگا جبکہ سکولوں کے باہر لگے پلانٹس کو سکول کونسل کے ذریعے چلایا جائے گا۔ کمشنر نے مزید کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے بارے واسا کی مالی معاونت کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو منفرد رنگ سے رنگوائیں اور ادارے کا نام اور رابطہ نمبر لکھوائیں تاکہ کسی مسئلے کی صورت میں شہری رابطہ کر سکیں۔

کمشنر ملتان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 507 واٹر فلٹریشن پلانٹس میں 449 فنکشنل اور 58 نان فنکشنل ہیں جس پر کمشنر نے تمام پلانٹس کو فوری فنکشنل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر میں صاف پانی کی فراہمی انکا مشن ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی سی ملتان عامر خٹک نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔

اس لئے ضلع ملتان میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کو وہ از خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے 371 پلانٹس میں 325 فنکشنل ہیں۔جلد ہی تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل کر دیئے جائیں گی. عامر خٹک نے بتایا کہ ضلع کونسل کی حدود میں خراب پلانٹس کی بحالی پر کام شروع ہو چکا ہے جن کو ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ارشد گوپانگ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز آغا ظہیر شیرازی، حمزہ سالک، تنویر یزداں، سی او میونسپل کارپوریشن محمد اقبال، ایم ڈی واسا رائوقاسم، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ عطااللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ غلام فرید و دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔