محر م الحرام کے دوران امن کی فضاء قائم رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر اپنا مثبت کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر

حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں،علماء کرام سے خطاب

بدھ 4 ستمبر 2019 19:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ محر م الحرام کے دوران امن ،محبت اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ موجودہ ملکی صورت حال کے پیش نظر مسلک کی سوچ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینا ہوگی تاکہ امن امان کی فضا کو برقرار کھا جاسکے۔

تمام مکاتب فکر کے علماء کرام آپس میں مربوط روابط استوار کر کے جلوسوں اور مجالس کی وقت کی پابندی اور حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔اس مرتبہ اتحاد اور احتیاط کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کیونکہ دشمن فرقہ واریت پھیلا کر ملک کو نقصان پہچا نا چاہتاہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے دربار عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سجادہ نشین دربارعالیہ عید گاہ شریف پیر سید حسان نقیب، اے ڈی سی جی میاں بہزاد عادل، ایس پی راول،ڈسٹرکٹ خطیب حافظ اقبال رضوی، پیرسید اظہار حسیں بخاری،تحریک نفاذ جعفریہ قلب عباس،صدر مرکزی انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ ،سیرت میلاد کمیٹی شیخ ندیم،پیر سید چراغ الدین شاہ،پاسٹر پرویز سہیل سمیت دیگر مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔

ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو چاہیئے کہ امن کے درس کو عام کریں۔ انہوں نے کہاکہ دشمن محرم الحرام میں امن کو تباہ کرنے کے لیے اپنی ناکام کوشش کرسکتا ہے ہمیں اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنا ہوگی تا کہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت ملک کی بقا کی خاطر اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔

دربارعالیہ عید گا ہ شریف نقیب الرحمن نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ، برداشت کے درس کو عام کرکے امن امان کی فضاء کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دشمن کی مذموم حرکات سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر اور برداشت کا سبق دیتا ہے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر علماء اکرام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مل جل کر محر م الحرام کے دوران امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگااور ملک کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔