بھارت نے نئے قانون کے تحت مسعود اظہر اور حافظ سعید کو دہشت گرد قرار دے دیا

غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ترمیمی ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے مذکورہ دونوں شخصیات کو دہشت گردقراردیاگیا،بیان

جمعرات 5 ستمبر 2019 13:17

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) بھارتی حکومت نے ایک نئے قانون کے ذریعے پاکستان میں قائم دو تنظیموں کے رہنماؤں کو سرکاری طور پر دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے بتایا کہ جیش محمد کے رہنما مسعود اظہر اور لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید احمد کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔ پاکستان نے ان دونوں تنظیموں کو پہلے ہی سے کالعدم قرار دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ترمیمی ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے ان دونوں افراد کو باقاعدہ اور سرکاری طور پر دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔مسعود اظہر کو پہلے ہی سے اقوام متحدہ کی طرف سے بھی پابندیوں کا سامنا ہے۔بھارت میں منظور کیے گئے اس نئے قانون کے تحت حکومت کسی بھی ایسے شخص کو دہشت گرد قرار دے سکتی ہے، جو دہشت گردی کے کسی واقعے کی منصوبہ بندی یا تیاری میں ملوث رہا ہو یا اس نے ایسے کسی جرم کا ارتکاب کیا ہو۔ اس طرح ایسے افراد کو گرفتار کیا جا سکتا ہے، ان کے اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں اور ان کے ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔