پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیغام

جمعرات 5 ستمبر 2019 23:51

پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ پاک افواج دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی قسم کی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور اگر دشمن نے کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، قوم پاکستان کی ترقی امن اورسلامتی کویقینی بنانے کیلئے 1965ء کی طرح آج بھی متحد اوراپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح پرُعزم ہے۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ آج ہم نہ صرف یوم دفاع بلکہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن بھی منارہے ہیں تاکہ مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور جبر کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جاسکے، جس طرح قوم نے پاک افواج کے ساتھ مل کر 1965ء میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا آج بھی ہم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ایک بار پھر وطن عزیز دہشت گردی کا شکار ہے اور ہم نے مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کو شکست دینا ہے، انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ سے پاکستان ایک مضبوط اور خوداعتماد قوم ریاست کے طور پر ابھرا اور قومی یکجہتی کے باعث بین الاقوامی سرحد پر بھارت کی ننگی جارحیت کوناکام بنانا ممکن ہوا ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کو اس بلاجواز جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑی،یہ یقیناً ہماری بہترین روایت اورشاندار دن ہے جسے آنے والی نسلیں فخر سے یاد رکھیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن ہمیں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید ،سکوارڈن لیڈر علاؤ الدین، سکوارڈن لیڈر ایم اے قریشی،سکوارڈن لیڈر سرفرازاحمدبھٹی،سکوارڈن لیڈرایم ایم عالم سمیت اُن تمام شہداء کو جنہوںنے قوم کی آزادی کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں حیات بخش قربانی پیش کی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرناہوگا کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہماری بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ان کے ساتھ ہے، بھارت اب جبر کے ذریعہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید دبا نہیں سکتا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ 6ستمبر ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کا شکراداکرنے کا دن بھی ہے ہمیں اللہ تعالیٰ سے دُعاکرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنی پاک سرزمین کی حفاظت کرنے کی ہمت اورقوت عطا کرے۔