تیزی سے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی بننے کی جانب گامزن ہواوے کا پاکستان میں ریجنل ہیڈ کوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ

چینی کمپنی جنوبی ایشیاء کے لیے اپنا ہیڈ کوارٹر پاکستان میں قائم کرے گی، 10 کروڑ ڈالرز کی اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے

muhammad ali محمد علی پیر 9 ستمبر 2019 23:46

تیزی سے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی بننے کی جانب گامزن ہواوے کا ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 ستمبر2019ء) تیزی سے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی بننے کی جانب گامزن ہواوے کا پاکستان میں ریجنل ہیڈ کوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ، چینی کمپنی جنوبی ایشیاء کے لیے اپنا ہیڈ کوارٹر پاکستان میں قائم کرے گی، 10 کروڑ ڈالر کی اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور اسلام آباد میں جنوبی ایشیائی ریجن کا ہیڈ کوارٹر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے ہواوے گروپ کے نائب صدر نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی رواں برس پاکستان میں 100 ملین ڈالرز تک کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان میں ٹیکنیکل سپورٹ سینٹر کی اپ گریڈیشن اور اسلام آباد میں جنوبی ایشیائی ریجن کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کے سلسلے میں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ہواوے کی جانب سے کی جانے والی یہ سرمایہ کاری بھی سی پیک منصوبے کا حصہ ہی ہوگی جس کیلئے چینی حکومت معاونت فراہم کرے گی۔

ہواوے کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور جنوبی ایشیائی ریجن کا ہیڈ کوارٹر قائم کرنے سے یہاں روزگار کے مزید ذرائع پیدا ہوں گے۔ واضح رہے کہ چینی کمپنی ہواوے حالیہ کچھ برسوں کے دوران تیزی سے ترقی کرتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجیکل کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہوئی ہے۔ ہواوے اس وقت ایپل اور سام سامنگ کے ہمراہ دنیا میں موبائل فونز بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک تصور کی جاتی ہے۔ ہواوے نے موبائل فونز بنانے کے علاوہ دیگر آلات بنانے میں بھی مہارت حاصل کی ہے۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران ہواوے نے پاکستان میں بھی بھرپور مقبولیت حاصل کی ہے اور اس وقت پاکستان کی 25 فیصد موبائل مارکیٹ پر ہواوے کی اجارہ داری قائم ہے۔